نشاط گروپ کی پاکستان کی نئی بندرگاہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی
- وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشا کے درمیان ملاقات
پاکستان کے بڑے کاروباری گروپس میں شامل نشاط گروپ نے مجوزہ نئے بندرگاہ کی تعمیر و ترقی میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
جمعہ کو جاری بیان کے مطابق یہ پیشرفت وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری اور نشاط گروپ کے چیئرمین میاں محمد منشا کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سرمایہ کاری کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور ملک کے بندرگاہی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لیے نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اضافی بندرگاہی سہولتوں کی تعمیر پاکستان کی بحری معیشت کو مضبوط بنانے، تجارتی روابط بہتر کرنے اور بڑھتے ہوئے کارگو حجم کو سنبھالنے کی صلاحیت میں اضافے کے لیے تزویراتی اہمیت رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے والے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینے کے لیے پرعزم ہے۔
ملک کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے میاں محمد منشا نے نئے بندرگاہی منصوبے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ اس پیش رفت سے پاکستان کے بندرگاہی ڈھانچے کو وسعت دینے کے لیے سرکاری و نجی شعبے کے اشتراک کے امکانات روشن ہوئے ہیں جس کا مقصد ملک کی برآمدات پر مبنی صنعتوں کو سہولت فراہم کرنا اور برآمدات کی حقیقی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہے۔
جنید چوہدری نے کہا کہ ایک اور بندرگاہ کی تعمیر سے اقتصادی ترقی کے نئے راستے کھلیں گے، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور علاقائی تجارتی و لاجسٹکس مرکز کے طور پر پاکستان کی حیثیت مضبوط ہوگی۔