این ویڈیا میں قیادت کی تبدیلی، کولیٹ کریس کو عبوری سی ای او بنا دیا گیا
- اب 59 سالہ چیف فنانشل آفیسر کو عارضی طور پر کمپنی کی سربراہی سونپ دی گئی ہے جبکہ اینویڈیا مستقل جانشین کی تلاش میں ہے۔
کولیٹ کریس برسوں تک این ویڈیا کی واحد اعلیٰ عہدیدار رہیں جو چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے بڑے اور اکثر خطرات سے بھرپور عزائم پر سوال اٹھانے کا حوصلہ رکھتی تھیں۔ اس معاملے سے واقف دو افراد کے مطابق، جب ہوانگ کمپنی کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی جانب لے جارہے تھے تو کریس ان کے فیصلوں سے اختلاف کرتے ہوئے انہیں محتاط رہنے کا مشورہ دیتی تھیں۔
اب 59 سالہ چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کولیٹ کریس کو عارضی طور پر کمپنی کی سربراہی سونپ دی گئی ہے جبکہ این ویڈیا مستقل جانشین کی تلاش میں ہے۔ جینسن ہوانگ نے جمعرات کو اس کمپنی کی سربراہی چھوڑ دی جس کی بنیاد انہوں نے رکھی تھی اور تقریباً تین دہائیوں تک قیادت کی۔ ایک اسکینڈل کے سائے میں ان کی علیحدگی کے بعد این ویڈیا پہلی مرتبہ قیادت کی تبدیلی کے مرحلے سے گزر رہی ہے، وہ بھی اس شخصیت کے بغیر جس نے کمپنی کو موجودہ مقام تک پہنچانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق کولیٹ کریس نے اختلافات کے باوجود جینسن ہوانگ کے مقابل ایک اہم توازن کا کردار ادا کیا۔ ہوانگ کی کامیابی نے انہیں اہم فیصلوں کے معاملے میں غیر معمولی حد تک آزادی دے رکھی تھی۔ ان کے ایک ایسی خاتون سے تعلقات کی خبر سامنے آنے سے کئی ماہ قبل، جن پر چینی جاسوس ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا، وال اسٹریٹ کے بعض حلقوں میں ان کے خطرات مول لینے کے رجحان پر سوالات اٹھائے جارہے تھے۔ یہ خدشات بھی ظاہر کیے جارہے تھے کہ ان کے طے کردہ معاہدے مصنوعی ذہانت کی ایسی معیشت کو فروغ دے رہے ہیں جس میں سرمایہ کاری اور کاروباری لین دین ایک دوسرے سے منسلک ہوتے جارہے ہیں۔
اس معاملے سے واقف ایک شخص کے مطابق، کولیٹ کریس اور ان کی ٹیم کو جینسن ہوانگ اور کمپنی کی سیلز ٹیم کے ساتھ بڑے پیمانے کے خطرات سے بھرپور مالیاتی معاہدوں پر اختلافات کا سامنا رہا۔ ان معاہدوں کے تحت اوپن اے آئی اور لیمبڈا جیسی اے آئی انفرااسٹرکچر کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی گئی۔ وال اسٹریٹ کے بعض ناقدین نے ان معاہدوں کو مصنوعی ذہانت کی ایسی معیشت کا حصہ قرار دیا ہے جس میں سرمایہ کاری اور کاروباری لین دین ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔
اوہائیو میں اوپن اے آئی کے ڈیٹا سینٹر منصوبے کی معاونت کے لیے 250 ارب ڈالر کی مجوزہ سرمایہ کاری کا منصوبہ بالآخر کم کرکے 120 ارب ڈالر کردیا گیا۔
وینچر کیپیٹل کے شعبے سے وابستہ ایک تیسرے ذرائع نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ جینسن کے سوا شاید ہی کوئی اپنے صارفین میں اتنے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے گا۔ ان کے مطابق ہوانگ نے این ویڈیا پر زور دیا کہ وہ نئی اسٹارٹ اپ کمپنیوں کو مالی معاونت فراہم کرے۔
کریس، عملیت پسند
کولیٹ کریس کا انداز جینسن ہوانگ کے اکثر جارحانہ اور تصادم پر مبنی رویے کے برعکس پُرسکون ہے۔ کریس نے مائیکروسافٹ، سسکو اور ٹیکساس انسٹرومنٹس سمیت ٹیکنالوجی کے شعبے کی بڑی کمپنیوں میں طویل عرصے تک کام کرنے کے بعد 2013ء میں این ویڈیا میں شمولیت اختیار کی تھی۔
اس معاملے سے واقف ایک چوتھے ذرائع نے کہا کہ کولیٹ ایک حقیقت پسند شخصیت ہیں۔ ان کے مطابق کریس اپنی پُرسکون شخصیت کے ذریعے جاری صورت حال میں منڈیوں کو استحکام دے سکتی ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کمپنی کے اندر افراتفری کے دوران کریس نے حالیہ دنوں میں صارفین اور سپلائرز کو اعتماد میں لینے کے لیے ہونے والی گفتگو میں بھی حصہ لیا تھا۔
ذرائع کے مطابق کریس کی قیادت میں این ویڈیا کا امریکی حکومت کے ساتھ رویہ دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسا ہوسکتا ہے، یعنی کمپنی سرمایہ اور حمایت حاصل کرنے کی کوشش کرے گی، بجائے اس کے کہ ہوانگ کے دور کی طرح برآمدی پابندیوں کے معاملے پر محاذ آرائی اختیار کرے۔
تاہم رائٹرز سے گفتگو کرنے والے متعدد سرمایہ کاروں، تجزیہ کاروں اور صنعتی شعبے سے وابستہ افراد نے سوال اٹھایا کہ کیا مالیاتی امور کی ماہر کوئی عہدیدار وہ تکنیکی خطرات مول لینے کا سلسلہ برقرار رکھ سکے گی جس نے این ویڈیا کو مصنوعی ذہانت کے لیے چپس تیار کرنے والی بڑی کمپنی بنا دیا۔