کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں کل ہلکی بارش کا امکان
- ہفتے تک کراچی کا درجہ حرارت 22 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ اثرانداز ہونے کے باعث جمعہ کو کراچی اور سندھ کے کئی اضلاع میں بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے جمعرات کو جاری کردہ بیان میں کہا کہ دادو، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو اور ٹھٹھہ کے اضلاع کے علاوہ کراچی ڈویژن میں بھی ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور راتیں خنک رہنے کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہ سکتی ہے۔
تین روزہ موسمی پیش گوئی میں پی ایم ڈی نے بتایا کہ ہفتے تک کراچی کا درجہ حرارت 22 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شدید گرمی کے کئی روز بعد بدھ کو کراچی کے درجہ حرارت میں اچانک نمایاں کمی آئی اور شہریوں نے خنکی محسوس کی جبکہ محکمہ موسمیات نے جمعرات سے صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کی پیش گوئی بھی کی تھی۔
کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 6 نومبر کو 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم ہوکر 11 نومبر کو 33.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 17 فیصد سے بڑھ کر 40 فیصد ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں موسمِ خزاں میں پہلی مرتبہ درجہ حرارت معمول کی سطح پر آیا ہے۔