صاف توانائی کی جانب منتقلی، وزیراعظم نے روڈ میپ پیش کردیا
- 2035 تک صاف توانائی کے لیے 138 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے پائیدار توانائی کے مستقبل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے صاف توانائی کی جانب منتقلی کے لیے بلند اہداف مقرر کرنے اور ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی وعدوں کی تکمیل میں مدد دینے کے لیے عالمی مالی معاونت اور سستی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے بدھ کو اقوام متحدہ کی 31ویں موسمیاتی کانفرنس (کوپ 31) کے موقع پر ’’2035 تک صاف توانائی کی منتقلی: مستقبل کو توانائی کی فراہمی‘‘ کے عنوان سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صاف توانائی کی جانب منتقلی کے منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی توانائی ضروریات میں صاف توانائی کے ذرائع کا حصہ تقریباً 55 فیصد ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق انطالیہ روانگی سے قبل انہوں نے ملک کے ساتویں جوہری بجلی گھر کے ایک اہم حصے کا افتتاح کیا، جس سے قومی گرڈ میں 1,200 میگاواٹ صاف بجلی شامل ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت 2030 تک نئی گاڑیوں میں 30 فیصد کو الیکٹرک بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ تمام سرکاری بسیں اور موٹر سائیکلیں بھی بجلی سے چلیں گی۔
وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کو 2035 تک کم کاربن بجلی کی پیداوار کے لیے تقریباً 138 ارب ڈالر جبکہ کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کو شمسی توانائی سے تبدیل کرنے کے لیے مزید 50 ارب ڈالر درکار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک بھاری سرمایہ کاری کا بوجھ اکیلے برداشت نہیں کرسکتے، اس لیے عالمی شراکت دار رعایتی قرضوں اور سستی ٹیکنالوجی کی منتقلی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف توانائی کے اہداف اجتماعی کوششوں اور بروقت مالی معاونت سے ہی حاصل کیے جاسکتے ہیں۔