کاروبار اور معیشت

ایف بی آر نے ٹیکس گوشواروں کی الیکٹرانک جانچ پڑتال کا نیا نظام متعارف کرادیا

  • ترمیم شدہ قواعد کے مطابق یہ نظام آئی آر آئی ایس کے ذریعے آن لائن مشورہ یا پیشگی اطلاع جاری کرسکے گا
شائع اپ ڈیٹ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس سال 2026 کے لیے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کی جانچ پڑتال خودکار کمپیوٹرائزڈ رسک مینجمنٹ (سی آر ایم) نظام کے ذریعے الیکٹرانک طریقے سے کرے گا، جس کے تحت ٹیکس دہندگان کو کسی بھی قانونی یا تعزیری کارروائی کے آغاز سے قبل گوشواروں میں موجود بے ضابطگیوں کی وضاحت اور غلطیوں کی درستی کا موقع فراہم کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترمیم کے لیے ایس آر او 2098(I)/2026 جاری کردیا ہے، جس کے ذریعے نئے رول 38B کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کا عنوان ’’خودکار نظام کے ذریعے الیکٹرانک جانچ پڑتال اور نشاندہی کردہ مسائل سے آگاہ کرنے کا طریقہ کار‘‘ ہے۔

نئے شامل کردہ ضابطے کے تحت خودکار نظام انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 120 کی ذیلی دفعہ (2A) کے تحت ٹیکس دہندگان کی جانب سے جمع کرائے گئے انکم ٹیکس گوشواروں کی جانچ پڑتال کرے گا۔

ترمیم شدہ قواعد کے مطابق یہ نظام آئی آر آئی ایس کے ذریعے آن لائن مشورہ یا پیشگی اطلاع جاری کرسکے گا، جس میں انکم ٹیکس گوشواروں میں موجود حقائق یا قانونی غلطیوں اور بے ضابطگیوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ اس طریقہ کار کا مقصد ٹیکس دہندگان کو کسی بھی قانونی یا تعزیری کارروائی سے قبل ان مسائل کی وضاحت، غلطیوں کی اصلاح یا دیگر ضروری اقدامات کا موقع فراہم کرنا ہے۔

قواعد کے تحت ٹیکس دہندگان کے دائرہ اختیار رکھنے والے ان لینڈ ریونیو افسر کو بھی خودکار نظام کے ذریعے سامنے آنے والی بے ضابطگیوں سے متعلق پیشگی اطلاع جاری کرنے کا اختیار ہوگا۔

ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے لیے ان بے ضابطگیوں کی وضاحت، اصلاح یا ضروری اقدامات کرنے کے لیے کم از کم 7 دن کی مہلت مقرر کی ہے۔

اگر کوئی ٹیکس دہندہ مقررہ مدت میں جواب جمع نہیں کراتا تو خودکار نظام یاد دہانی جاری کرے گا، جس میں جواب دینے کے لیے مزید کم از کم 7 دن کی مہلت فراہم کی جائے گی۔

نئے طریقہ کار کے تحت خودکار نظام سے سامنے آنے والی بے ضابطگیوں، ٹیکس دہندگان کو جاری کردہ اطلاعات اور موصول ہونے والے جوابات کا ریکارڈ متعلقہ دائرہ اختیار رکھنے والے ان لینڈ ریونیو افسر کو بھی فراہم کیا جائے گا۔

مزید برآں ٹیکس دہندگان کو جاری کردہ تمام اطلاعات، ان کے جوابات اور اس کے بعد کیے گئے اقدامات کا ریکارڈ خودکار نظام کے تحت تیار کردہ ایک مخصوص ڈیش بورڈ میں محفوظ کیا جائے گا۔

ایف بی آر نے یہ بھی طے کیا ہے کہ خودکار جانچ پڑتال، دستیاب معلومات کا تجزیہ اور باہمی موازنہ، بے ضابطگیوں کی نشاندہی اور ٹیکس دہندگان سے الیکٹرانک رابطے کا عمل چینج ریکویسٹ فارم (سی آر ایف) کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، تاکہ نظام کی ہموار اور مؤثر کارکردگی یقینی بنائی جاسکے۔

متعلقہ ان لینڈ ریونیو افسر ٹیکس دہندہ کے جواب یا جواب نہ دینے کی صورت حال کا جائزہ لے گا اور ضرورت پڑنے پر انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور اس کے تحت وضع کردہ قواعد کی متعلقہ دفعات کے مطابق مناسب کارروائی کرے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026