ٹیکسٹائل برآمدات چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
- ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات مالی سال 2025-26 کے دوران 0.3 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں
پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات مالی سال 2025-26 کے دوران 0.3 فیصد اضافے سے 18 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ چار سال کی بلند ترین سطح ہے، تاہم اسی عرصے میں ملک کی مجموعی برآمدات میں 5.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل (پی ٹی سی) کی پہلی سالانہ برآمدی کارکردگی رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 17 ارب 95 کروڑ ڈالر تھیں، جو گزشتہ مالی سال بڑھ کر 18 ارب ڈالر ہوگئیں۔ اس کے برعکس ملک کی مجموعی برآمدات 32 ارب 4 کروڑ ڈالر سے کم ہوکر 30 ارب 14 کروڑ ڈالر رہ گئیں۔ اس طرح قومی برآمدات میں ٹیکسٹائل شعبے کا حصہ تقریباً 60 فیصد ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ملبوسات اور تیار شدہ مصنوعات کی برآمدات 1.1 فیصد اضافے سے 14 ارب 98 کروڑ ڈالر ہوگئیں، جو ٹیکسٹائل برآمدات کا 83.2 فیصد ہیں۔ بنے ہوئے ملبوسات کی برآمدات 3.9 فیصد اضافے سے 4 ارب 29 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئیں، جبکہ نٹ ویئر کی برآمدات میں 0.7 فیصد کمی ہوئی۔
دوسری جانب خام مال اور نیم تیار مصنوعات کی برآمدات 3.4 فیصد کمی سے 3 ارب 3 کروڑ ڈالر رہ گئیں، جو پانچ سال کی کم ترین سطح ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سیزن میں ملکی کپاس کی پیداوار صرف 55 لاکھ گانٹھیں رہی، جو تین دہائیوں کی کم ترین سطح ہے۔
منڈیوں کے لحاظ سے یورپی یونین 7 ارب 10 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی برآمدات کے ساتھ سرفہرست رہی، تاہم امریکا کو برآمدات بڑھ کر 4 ارب 85 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ہوگئیں، جبکہ برطانیہ کو برآمدات کم ہوکر ایک ارب 73 کروڑ ڈالر رہ گئیں۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے حکومت پر زور دیا ہے کہ برآمد کنندگان کے لیے کارپوریٹ ٹیکس 29 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کیا جائے، ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی تیز کی جائے، توانائی کی قیمتیں علاقائی سطح کے مطابق مقرر ہوں اور برآمدی فنانسنگ اسکیموں میں چھوٹے کاروباروں کو بھی سہولت دی جائے۔ کونسل نے ملکی کپاس کی پیداوار بحال کرنے کے لیے قومی حکمت عملی اپنانے کی بھی سفارش کی ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026