وزیراعظم شہباز شریف COP31 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکیہ پہنچ گئے
- ترکیہ کے نائب وزیر ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی نے ہوائی اڈے پر وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا
وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی (یو این ایف سی سی سی) کے تحت فریقین کی 31ویں کانفرنس (کوپ 31) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے منگل کے روز ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، ہوائی اڈے پر ترکیہ کے نائب وزیر ثقافت و سیاحت گوکھان یازگی، ترکیہ میں پاکستان کی نامزد سفیر آمنہ بلوچ اور اعلیٰ ترک حکام نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
اجلاس کے دوران شہباز شریف پاکستان کی موسمیاتی ترجیحات اجاگر کریں گے اور موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیں گے۔
وزیراعظم صاف توانائی کی جانب منتقلی اور بجلی کے استعمال کے فروغ سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی مکالمے سے بھی خطاب کریں گے، جس کا عنوان ’’35 بائی 35: مستقبل کو توانائی فراہم کرنا‘‘ ہے۔
اجلاس کے موقع پر شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردوان اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
دریں اثنا، کوپ 31 کے مقام پر پاکستان پویلین بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں مختلف موضوعات پر 54 تقریبات منعقد کی جائیں گی۔
پاکستان بین الاقوامی سطح پر موسمیاتی سفارت کاری میں فعال کردار ادا کرتا رہا ہے، جس میں کوپ 27 کے دوران لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کی راہ ہموار کرنے والی کوششوں میں پاکستان کا کردار بھی شامل ہے۔