سب سے پہلے اہم پیشرفت یہ ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بتایا ہے کہ وزیراعظم نے آٹو پالیسی کے حتمی مسودے کی منظوری دے دی ہے۔ اب یہ مسودہ غوروخوض کے لیے وفاقی کابینہ میں پیش کیا جائے گا جبکہ باضابطہ طور پر نافذ کیے جانے سے قبل اسے آئی ایم ایف کی منظوری بھی درکار ہوگی۔
مجوزہ آٹو پالیسی قومی ٹیرف پالیسی (این ٹی پی) سے ہم آہنگ ہے اور اس کا مقصد نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (این ای ویز) کو فروغ دینا ہے تاکہ سڑکوں پر گاڑیوں سے خارج ہونے والی آلودگی میں کمی لائی جاسکے اور پٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کیا جاسکے جن کا بڑا حصہ درآمد کیا جاتا ہے۔
تاہم مقامی گاڑیاں اسمبل کرنے والی کمپنیوں کو اس بات پر تحفظات ہیں کہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیوں اور درآمدی گاڑیوں، بشمول استعمال شدہ گاڑیوں، کے درمیان ٹیرف کے فرق کو کم کرنے سے مقامی صنعت متاثر ہوسکتی ہے۔
تاہم دوسری جانب بعض صنعتی حلقے ایسے اقدامات کررہے ہیں جن سے دیگر فریقوں کو نقصان پہنچ رہا ہے جو پوری آٹو انڈسٹری کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ حلقے مجوزہ آٹو پالیسی کو اس کی موجودہ شکل میں منظور ہونے سے روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، وہ عام صارفین کے مفادات کو نقصان پہنچاتے ہوئے آئی ایم ایف، حکومت اور دیگر بااثر حلقوں پر لابنگ کررہے ہیں تاکہ مجوزہ پالیسی کی منظوری رکواسکیں۔
اصل تنازع نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں (این ای ویز) کو دی جانے والی ڈیوٹی اور ٹیکس میں مراعات پر ہے۔ اس اقدام کا مقصد ایسی گاڑیوں کے استعمال اور مارکیٹ میں ان کے حصے کو بڑھانا ہے جس سے کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔ یہ پیش رفت بالخصوص ان شہروں کے لیے اہم ہے جہاں ہر گزرتے سال کے ساتھ فضائی آلودگی کی صورتِ حال بگڑتی جا رہی ہے۔
اس کے معاشی فوائد میں بڑی حد تک درآمد کیے جانے والے پیٹرولیم مصنوعات پر انحصار کم کرنا بھی شامل ہے۔ پاکستان میں توانائی شعبہ بتدریج صاف توانائی اور مقامی وسائل پر زیادہ انحصار کی جانب بڑھ رہا ہے، ایسے میں گاڑیوں کو بجلی سے چلانے کے رجحان کو فروغ دینا مزید سودمند دکھائی دیتا ہے۔
بعض صنعتی حلقوں کا مسئلہ یہ ہے کہ نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیاں ان کی پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کے لیے سخت مسابقت پیدا کرسکتی ہیں جس کے نتیجے میں ان کی فروخت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اس تبدیلی کو پسند نہیں کرتے۔ ماضی میں حکومت نے الیکٹرک گاڑیوں پر ایک فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کیا تھا جس میں رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیاں بھی شامل تھیں جبکہ ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں اور پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر جی ایس ٹی کی شرح 25 فیصد تھی۔ یہ فرق ان دونوں اقسام کی گاڑیوں کے ساتھ ناانصافی کے مترادف تھا۔
مجوزہ نئی پالیسی میں ٹیکس کی اس غیر متوازن شرح کو درست کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کے تحت الیکٹرک گاڑیوں پر جنرل سیلز ٹیکس ایک فیصد، رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں پر 6 فیصد، پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر 9 فیصد اور ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں پر 18 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ ایک مناسب طریقۂ کار ہے، کیونکہ ہر قسم کی گاڑی سے ہونے والے کاربن اخراج کی سطح کے مطابق ٹیکس کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ان مراعات کے ساتھ ساتھ 15 ہزار امریکی ڈالر سے کم قیمت والی الیکٹرک گاڑیوں پر ڈیوٹی میں کمی سے بھی نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال اور مارکیٹ میں ان کا حصہ بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہ اقدام حکومت کے اس ہدف سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت 2030 تک ملک میں گاڑیوں کی مجموعی تعداد میں NEVs کا حصہ 30 فیصد تک پہنچانا ہے۔
اگر یہ مراعات واپس لے لی جاتی ہیں یا رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک گاڑیوں (REEVs) اور پلگ اِن ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں (PHEVs) کو ہائبرڈ الیکٹرک گاڑیوں (HEVs) کے ساتھ ایک ہی زمرے میں شامل کر دیا جاتا ہے تو کم کاربن اخراج کرنے والی گاڑیوں کو مسابقت میں نقصان اٹھانا پڑے گا۔ اس کا اثر کاربن اخراج میں کمی اور ایندھن کی درآمدات پر آنے والے اخراجات گھٹانے کے دو اہم اہداف پر بھی منفی پڑ سکتا ہے۔
ایک اور اہم معاملہ یہ ہے کہ قومی ٹیرف پالیسی 2025-30 کے تحت مختلف صنعتی شعبوں میں درآمدی ٹیرف مرحلہ وار کم کیے جانے ہیں۔
آٹو سیکٹر میں درآمدی ٹیرف میں کمی کا عمل ایک سال کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا، کیونکہ نئی آٹو پالیسی کا اطلاق رواں مالی سال سے ہونا تھا۔ اب درآمدی گاڑیوں پر ٹیرف میں کمی کا نفاذ مالی سال 2026-27 سے کیا جا رہا ہے۔ تاہم آٹو پالیسی کو حتمی شکل دینے کا عمل تاحال جاری ہے۔
مکمل تیار شدہ گاڑیوں (سی بی یو) کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی پہلے ہی کم کی جا چکی ہے جبکہ آئندہ پانچ برسوں میں اسے مزید کم کرکے زیادہ سے زیادہ 15 فیصد تک لانے کا منصوبہ ہے۔ اسی پالیسی کے تحت گاڑیوں کی مقامی اسمبلنگ کے لیے درآمد کیے جانے والے پرزوں (سی کے ڈی کٹس) پر بھی ڈیوٹی کم کرنے کی تجویز ہے، تاکہ اگلے پانچ برسوں کے دوران مکمل تیار گاڑیوں اور پرزوں کی درآمد پر عائد ڈیوٹی کی شرحوں کے درمیان زیادہ سے زیادہ 15 فیصد کا فرق برقرار رکھا جا سکے۔
نئی آٹو پالیسی کے تحت سی کے ڈی کٹس پر ٹیرف میں بھی کمی کی جانی تھی تاہم ضروری ردوبدل نہ ہونے کے باعث بعض صورتوں میں یہ فرق منفی ہوگیا ہے۔ اس صورتِحال نے مقامی سطح پر گاڑیاں اسمبل کرنے والی کمپنیوں کو شدید مسابقتی نقصان سے دوچار کردیا ہے۔
اب بعض پرانی اور مستحکم حیثیت رکھنے والی آٹو کمپنیوں کے صنعتی حلقے پالیسی سازوں کو الجھن میں ڈال رہے ہیں۔ گاڑیوں کی مقامی اسمبلنگ کے لیے درآمد کیے جانے والے پرزوں (CKD) پر ڈیوٹی کی شرح اس بات پر منحصر ہوتی ہے کہ متعلقہ پرزہ مقامی سطح پر تیار کیا جا رہا ہے یا درآمد کیا جا رہا ہے۔ جن کمپنیوں میں مقامی سطح پر پرزوں کی تیاری کا تناسب زیادہ ہے اور جن میں عموماً پرانی اور پہلے سے قائم کمپنیاں شامل ہیں، انہیں ان کمپنیوں کے مقابلے میں اوسطاً کم ڈیوٹی ادا کرنا پڑتی ہے جن کی مقامی سطح پر تیاری کا تناسب کم ہے۔ ان میں عموماً نئی کمپنیاں شامل ہیں۔اگر CKD پرزوں پر ڈیوٹی کی موجودہ شرح میں کوئی تبدیلی نہ کی جائے تو پرانی اور مستحکم کمپنیوں کو درآمدی گاڑیوں کے مقابلے میں بدستور ٹیرف کا فائدہ حاصل رہے گا جبکہ بعض نئی کمپنیوں کے لیے یہ فرق منفی ہو جائے گا، یعنی انہیں مقامی اسمبلنگ کے باوجود مسابقتی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اطلاعات کے مطابق، بعض آٹو کمپنیاں نئی پالیسی کے تحت CKD پرزوں پر ڈیوٹی کی موجودہ شرح برقرار رکھنے یا پالیسی کی منظوری کو مکمل طور پر مؤخر کرانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ایسی صورت میں یہ کمپنیاں کم منافع کے باوجود اپنا کاروبار جاری رکھنے کے قابل رہیں گی، لیکن بعض نئی کمپنیوں کے لیے مارکیٹ میں رہنا ممکن نہیں رہے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ ان کمپنیوں کے ساتھ ناانصافی ہوگی جنہوں نے 2016 کی آٹو پالیسی کے بعد پاکستان کی گاڑیوں کی مارکیٹ میں قدم رکھا تھا۔
اس کا ایک اور نقصان یہ ہوگا کہ پرانی آٹو کمپنیوں کو نئے ماڈلز متعارف کرانے کی ترغیب نہیں ملے گی۔ ان کے لیے تجارتی لحاظ سے یہی زیادہ فائدہ مند ہوگا کہ وہ پہلے سے تیار کیے جانے والے ماڈلز ہی کی پیداوار جاری رکھیں، کیونکہ ان گاڑیوں کے لیے درکار مشینری، سانچوں اور دیگر سازوسامان پر آنے والی لاگت وہ پہلے ہی پوری کر چکی ہیں۔ اس صورتِ حال سے آٹو انڈسٹری کی ترقی اور جدت متاثر ہوگی جو مجموعی طور پر اس شعبے کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔
حکومت کو چاہیے کہ پالیسی کی منظوری میں مزید تاخیر سے گریز کرے اور اس میں بار بار ردوبدل کا سلسلہ بند کرے۔ پالیسی کے مستقبل سے متعلق غیر یقینی صورتِ حال پہلے ہی آٹو سیکٹر کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ CKD کٹس کی بڑی تعداد کلیئرنس کے انتظار میں بندرگاہوں پر پھنسی ہوئی ہے جس سے گاڑیاں اسمبل کرنے والی کمپنیوں کے اخراجات میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب صارفین بھی گاڑیوں کی خریداری مؤخر کررہے ہیں جبکہ جو لوگ گاڑیاں خرید رہے ہیں، ان کی اکثریت پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کو ترجیح دے رہی ہے۔ اس صورتِ حال سے نہ صرف گاڑیوں کی مجموعی فروخت متاثر ہو رہی ہے بلکہ نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کی رفتار بھی سست پڑرہی ہے۔
مختصراً، بظاہر آئی ایم ایف کی جانب سے اس پالیسی کی منظوری میں کوئی خاص رکاوٹ موجود نہیں ہے۔ متعلقہ وزارتیں اور کمیٹیاں اس معاملے پر پہلے ہی تفصیلی غور و خوض کر چکی ہیں اور مجوزہ پالیسی مرتب کر لی گئی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس کی منظوری دے کر اس پر عمل درآمد شروع کیا جائے۔