✕
پاکستان

شمالی وزیرستان، مساجد میں قائم دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلیئر کردئیے، آئی ایس پی آر

  • آئی ایس پی آر کے مطابق 8 نومبر کو میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کیا گیا
شائع اپ ڈیٹ

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے پیر کے روز بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن کے دوران مساجد کے اندر قائم مبینہ دہشت گردوں کے دو ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 8 نومبر کو میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع گاؤں موزک میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کے خلاف آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مساجد میں قائم دو ٹھکانوں کو کلیئر کیا اور وہاں سے بڑی تعداد میں تیار شدہ دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز)، دھماکا خیز مواد تیار کرنے میں استعمال ہونے والی اشیا، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز چلانے کے لیے جان بوجھ کر مساجد کا استعمال کیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ عبادت گاہوں کو ایسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا مذہبی مقامات کی بے حرمتی ہے اور ان دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے اور تشدد کے مراکز چلانے کے لیے مساجد کا استعمال اسلام اور مقدس مقامات کی کھلی بے حرمتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنہ الخوارج کی جانب سے مساجد کو دہشت گردی کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنا، جو ان کے بقول بھارتی سرپرستی میں کام کرتی ہے، اس گروہ کے اسلامی تعلیمات سے انحراف کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ دہشت گردوں کے باقی ماندہ ٹھکانوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ عزمِ استحکام مہم کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔