✕
پاکستان

غزہ میں انسانی امداد پر اسرائیلی پابندیاں، وزیراعظم شہباز شریف کی شدید مذمت

  • یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ کی پٹی میں شدید بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کی گنجان آبادی والے کیمپوں میں قائم ہزاروں خیمے زیر آب آگئے ہیں
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے پیر کو اسرائیل کی جانب سے غزہ کے بہادر فلسطینی عوام کو بنیادی انسانی امداد سے محروم رکھنے کے لیے مسلسل غیر قانونی اقدامات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے ان دلخراش مناظر کی جانب توجہ دلائی جن میں بے گھر فلسطینیوں کے خیمے سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور غزہ کے بچے، جن کے پاس پناہ لینے کی کوئی جگہ نہیں، شدید سردی اور بھوک کا سامنا کر رہے ہیں۔

وزیراعظم نے جنگ بندی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل جارحیت کی شدید مذمت کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ انسانی امداد فوری طور پر بڑھانے کے لیے تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جائیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غزہ کی پٹی میں شدید بارشوں کے باعث بے گھر فلسطینیوں کی گنجان آبادی والے کیمپوں میں قائم ہزاروں خیمے زیر آب آگئے ہیں۔ بارش کے پانی نے پناہ گاہیں بہا دیں جبکہ کمبل اور گدے بھی بھیگ گئے۔

غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران کم از کم 70 ہزار خیمے زیر آب آئے، جس سے ہزاروں بے گھر افراد متاثر ہوئے اور بعض زخمی بھی ہوئے، تاہم کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔

علاقے کی شہری دفاع کی سروس نے بتایا کہ اسے بے گھر شہریوں کی جانب سے مدد کے لیے 1,500 ہنگامی کالز موصول ہوئیں۔ اس کے مطابق تین خالی مکانات بھی منہدم ہوئے، تاہم ان واقعات میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔