پاکستان، سوڈان کا سیکیورٹی، سائبر کرائم اور پولیس تربیت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
- پاکستان کی سوڈان میں امن کے قیام اور تعمیر نو کی کوششوں میں معاونت کی پیشکش
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ان کے سوڈانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل بابکر سمرہ مصطفیٰ علی کے درمیان مذاکرات کے بعد پاکستان اور سوڈان نے سیکیورٹی، داخلی امور، سائبر کرائم، پولیس کی تربیت اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان پہلے ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات کیے گئے۔ اس دوران انہوں نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں ممالک نے سائبر کرائم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
سوڈان کے وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کا ملک سائبر کرائم کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی مہارت اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو برادر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوڈان مختلف شعبوں میں اس کے ساتھ تعاون کو وسعت دینے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان سوڈان میں امن کے قیام اور تعمیر نو کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نادرا سوڈان کے سول رجسٹریشن نظام کی معاونت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کی معاونت سے سوڈان میں 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائش کے سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ اموات کے سرٹیفکیٹس جاری کرنے میں مدد ملی ہے۔
سوڈانی وزیر کی درخواست پر محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والی سوڈانی خواتین کو ویزوں کے حصول میں درپیش مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سوڈانی پولیس اہلکاروں کو پاکستان میں پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی اور کہا کہ سوڈانی شہری پاکستان میں طبی سہولتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
سوڈانی وزیر نے پاکستان کی معاونت پر شکریہ ادا کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اجلاس میں وزارت داخلہ، نادرا، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)، اینٹی نارکوٹکس فورس، اسلام آباد پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔