اکتوبر میں ریکارڈ ذخائر کی توقعات، پام آئل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری
- پام آئل کا بینچ مارک معاہدہ 55 رنگٹ کمی کے بعد 4,496 رنگٹ فی میٹرک ٹن پر آگیا
ملائیشین پام آئل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتیں بدھ کو ایک فیصد سے زائد گر کر جون کے وسط کے بعد کی کم ترین سطح پر آگئیں جس کی وجہ ریکارڈ بلند ذخائر کی توقعات اور دالیان مارکیٹ میں پام اولیئن کی کمزور قیمتوں کے باعث قیمتوں پر دباؤ تھا۔
برسا ملائیشیا ڈیریویٹوز ایکسچینج میں جنوری میں ترسیل کے لیے پام آئل کا بینچ مارک معاہدہ دوپہر کے وقفے تک 55 رنگٹ یا 1.21 فیصد کمی کے بعد 4,496 رنگٹ (1,103.31 ڈالر) فی میٹرک ٹن پر آگیا، اس طرح قیمتوں میں مسلسل تیسرے کاروباری سیشن میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔
کوالالمپور میں مقیم ایک تاجر کے مطابق منگل کو کیے گئے جائزوں میں گزشتہ ماہ پام آئل کے اختتامی ذخائر ریکارڈ بلند سطح پر پہنچنے کا امکان ظاہر کیے جانے کے بعد مارکیٹ میں مندی کا رجحان برقرار رہا۔
رائٹرز کے ایک سروے کے مطابق ملائیشین پام آئل کے ذخائر ستمبر کے ریکارڈ 35 لاکھ 10 ہزار ٹن کے مقابلے میں 6.8 فیصد اضافے سے 37 لاکھ 50 ہزار ٹن تک پہنچنے کا امکان ہے۔
تاجر نے کہا کہ رات کے دوران دالیان مارکیٹ میں پام اولیئن کی قیمتوں میں کمزوری نے بھی منفی رجحان کو تقویت دی، جس کی ایک وجہ خام پام آئل کے مستقبل کے سودوں کی قیمتوں میں کمی تھی۔
دالیان مارکیٹ میں سویا آئل کے سب سے زیادہ کاروبار والے معاہدے کی قیمت 1.6 فیصد جبکہ پام آئل کے معاہدے کی قیمت 3.21 فیصد گر گئی۔