چین اور عمان کے تعلقات میں گہرائی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، شی جن پنگ
- انہوں نے یہ بات پیر کو بیجنگ میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے ملاقات کے دوران کہی
چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ عمان کے ساتھ تعلقات کو وسعت دینا اور مزید مضبوط بنانا دونوں ممالک کا مشترکہ اسٹریٹجک انتخاب ہے۔ انہوں نے یہ بات پیر کو بیجنگ میں عمان کے سلطان ہیثم بن طارق آل سعید سے ملاقات کے دوران کہی۔
شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور عمان کے تعلقات ایک نئے تاریخی مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عمانی سلطان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید بلند سطح پر لے جانے کے لیے کام کریں گے۔
چینی صدر کے مطابق اس تعاون کا مقصد دونوں ممالک کے عوام کو بہتر فوائد پہنچانے کے علاوہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں کردار ادا کرنا ہے۔
سلطان ہیثم بن طارق اتوار کو دو روزہ دورے پر بیجنگ پہنچے تھے۔ 1978 میں چین اور عمان کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد کسی عمانی سربراہ مملکت کا یہ پہلا دورہ چین ہے۔