غزہ پر اسرائیلی حملے، 3 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
- اسرائیلی فوج نے فوری طور پر حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا
غزہ کی پٹی میں پیر کو اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 3 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ غزہ کے محکمہ صحت کے حکام کے مطابق خان یونس میں 2 فضائی حملوں میں 2 افراد شہید اور 6 زخمی ہوئے، جبکہ المواصی کے علاقے میں ایک اور حملے میں ایک فلسطینی شہید ہوگیا۔
اسرائیلی فوج نے فوری طور پر حملوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس جنگجوؤں کو دوبارہ مسلح کررہی ہے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کررہی ہے، تاہم حماس نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
گزشتہ سال امریکا کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تعمیر نو اور اسرائیلی فوج کے انخلا پر مذاکرات میں پیش رفت نہیں ہوسکی۔ اسرائیلی فوج غزہ کے تقریباً دو تہائی علاقے پر کنٹرول رکھتی ہے۔
غزہ کے محکمہ صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں کم از کم 1,580 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کے مطابق اس دوران اس کے 4 فوجی ہلاک ہوئے۔ فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 74 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔