عطاء اللہ تارڑ کی قومی سائبر سیکیورٹی اور سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز
- وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا ڈیجیٹل خواندگی کو تمام تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے اور ہر شہری کے لیے لازمی قرار دینے پر زور
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے ڈیجیٹل خطرات سے عوام کو محفوظ رکھنے کے لیے قومی سائبر سیکیورٹی اور سوشل میڈیا آگاہی کونسل قائم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عطاء اللہ تارڑ نے یہ تجویز اسلام آباد میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے زیر اہتمام سائبر سیکیورٹی آگاہی ہفتہ 2026 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیش کی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مجوزہ کونسل میں صوبائی حکومتوں، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز سمیت دیگر اداروں کو بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اس کونسل کے قیام کے لیے وہ اپنی مکمل معاونت فراہم کریں گے تاکہ سال بھر ہر سطح پر آگاہی مہمات جاری رکھی جاسکیں۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ سائبر سیکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کے پیش نظر ایک مربوط اور جامع حکومتی حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے، تاکہ مؤثر انداز میں ہر شہری تک رسائی ممکن بنائی جاسکے۔
انہوں نے بچوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ابھرنے والے خطرات اور ان سے نمٹنے کے طریقوں سے آگاہ کرنے کے لیے اسکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر نصاب میں ڈیجیٹل خواندگی شامل کرنے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس مقصد کے لیے تحقیق پر مبنی ایسا نظام ہونا چاہیے جس کے تحت تیزی سے تبدیل ہوتی ٹیکنالوجی کے مطابق نصاب کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے۔
انہوں نے کہا، ’’ڈیجیٹل خواندگی ہر شہری کے لیے لازمی قرار دی جانی چاہیے۔‘‘
عطاء اللہ تارڑ نے ملک کے ہر ادارے میں ڈیجیٹل خواندگی کا شعبہ قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افسران اور بیوروکریسی کو بھی اس شعبے میں تربیت فراہم کی جانی چاہیے۔