فیلڈ مارشل عاصم منیر کا سنگاپور کے ساتھ ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم بنانے پر زور
- سنگاپور کے وزیر خارجہ کا علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا اعتراف اور خیرمقدم
چیف آف ڈیفنس فورسز (سی ڈی ایف) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جمعے کے روز پاکستان اور سنگاپور کے درمیان ادارہ جاتی روابط مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی روابط خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں مددگار ثابت ہوں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ان سے ملاقات کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سنگاپور کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورت حال اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے خیالات کا تبادلہ کیا گیا اور مشترکہ دلچسپی کے شعبوں میں مسلسل روابط اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن نے دوطرفہ تعلقات میں بہتری کا خیرمقدم کیا، پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔