✕
مارکٹس

کمپنیوں کو ٹیکس گوشواروں کے ساتھ مالیاتی گوشوارے جمع کرانا لازمی قرار

  • یہ مالیاتی گوشوارے آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے ایسے فائل فارمیٹ میں جمع کرانا ہوں گے جسے الیکٹرانک طور پر پڑھا جا سکے
شائع اپ ڈیٹ

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 سے کمپنیوں کے لیے انکم ٹیکس گوشواروں کے ساتھ مالیاتی گوشوارے بھی الیکٹرانک طریقے سے جمع کرانا لازمی قرار دینے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ مالیاتی گوشوارے آئی آر آئی ایس پورٹل کے ذریعے ایسے فائل فارمیٹ میں جمع کرانا ہوں گے جسے الیکٹرانک طور پر پڑھا جا سکے۔

ایف بی آر کی جانب سے منگل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن ایس آر او 1912(I)/2026 کے مطابق انکم ٹیکس رولز 2002 کے رول 73 میں نئی ذیلی شق (2F) شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جس کے تحت کمپنیوں کے انکم ٹیکس گوشواروں کے ساتھ جمع کرائے جانے والے مالیاتی گوشواروں کے لیے الیکٹرانک فائلنگ کی شرائط پر عمل درآمد لازم ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ٹیکس سال 2026 اور اس کے بعد کے برسوں کے لیے کمپنیوں کے انکم ٹیکس گوشواروں کے ساتھ مالیاتی گوشوارے صرف آئی آر آئی ایس کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جمع کرائے جائیں گے اور ان کا فائل فارمیٹ الیکٹرانک طور پر قابلِ مطالعہ ہونا چاہیے، جیسا کہ آرڈیننس کی دفعہ 2 کی شق (19DA) میں بیان کیا گیا ہے۔

مجوزہ ترامیم کے تحت مالیاتی گوشواروں کو ایف بی آر کی جانب سے مقرر کردہ ڈیٹا اسکیم، درجہ بندی کے نظام (ٹیکسانومی)، فائل کی ساخت، فیلڈ میپنگ، جانچ کے قواعد اور دیگر تکنیکی تقاضوں کے مطابق ہونا ہوگا۔ یہ تفصیلات آئی آر آئی ایس یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر دستیاب ہوں گی۔

ایف بی آر متعلقہ کمپنیوں پر لاگو مالیاتی رپورٹنگ کے نظام کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اقسام کی کمپنیوں کے لیے الگ ڈیٹا اسکیم، ٹیکسانومی یا تکنیکی تقاضے بھی مقرر کرسکتا ہے۔

مسودہ نوٹیفکیشن میں رول 73 کی ذیلی شق (3) کو تبدیل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔ اس کے تحت آئی آر آئی ایس کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جمع کرائے جانے والے گوشواروں، بیانات، مالیاتی گوشواروں، سرٹیفکیٹس، درخواستوں اور دیگر دستاویزات کی تصدیق متعلقہ شخص یا، جہاں اجازت ہو، اس کے ای-انٹرمیڈیئری کے ذریعے ڈیجیٹل دستخط یا تصدیق کے کسی دوسرے محفوظ الیکٹرانک طریقے سے کرنا ہوگی۔ یہ طریقہ ایف بی آر کی مقرر کردہ شرائط کے مطابق متعلقہ شخص کی رجسٹرڈ اسناد سے منسلک ہوگا۔

دستاویزات کامیابی سے ارسال اور ان کی توثیق مکمل ہونے پر آئی آر آئی ایس ایک منفرد حوالہ نمبر کے ساتھ الیکٹرانک رسید جاری کرے گا، جو انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور متعلقہ قواعد کے تحت دستاویزات جمع کرانے کا ثبوت ہوگی۔

مجوزہ ترامیم انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعہ 237 کی ذیلی دفعہ (1) اور دفعہ 114 کی ذیلی دفعہ (2A) کے تحت جاری کی گئی ہیں۔

ایف بی آر نے مجوزہ ترامیم سے متاثر ہونے والے افراد سے سرکاری گزٹ میں نوٹیفکیشن کی اشاعت کے سات دن کے اندر اعتراضات اور تجاویز طلب کرلی ہیں۔ مقررہ مدت میں موصول ہونے والی آرا پر حتمی ترامیم کی منظوری سے قبل غور کیا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026