ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا روڈ میپ جاری، براہِ راست معاہدوں کا آغاز
- ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا
پاکستان سپر لیگ (ایچ بی ایل پی ایس ایل) نے جمعہ کو اپنے 12ویں ایڈیشن کے لیے پری سیزن شیڈول کی تصدیق کردی۔ اس سلسلے کا آغاز ہوگیا ہے جبکہ تمام آٹھ فرنچائزز کے لیے کھلاڑیوں سے براہِ راست معاہدے (ڈائریکٹ سائننگز) کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
کھلاڑیوں کی شمولیت کا شیڈول طے کرلیا گیا ہے جس کے تحت براہِ راست معاہدوں سے لے کر 23 جنوری 2027 کو ہونے والی پلیئر آکشن تک تمام مراحل مکمل کیے جائیں گے۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 12واں ایڈیشن 18 مارچ سے 2 مئی 2027 تک جاری رہے گا جس میں 46 دن کے دوران پانچ سے چھ مقامات پر مجموعی طور پر 44 میچز کھیلے جائیں گے۔
کھلاڑیوں سے براہِ راست معاہدوں کا مرحلہ 23 اکتوبر سے شروع ہوکر 23 نومبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اس دوران ہر فرنچائز ایک ایسے نمایاں کھلاڑی سے براہِ راست معاہدہ کرسکے گی جس نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں یا گیارہویں ایڈیشن میں حصہ نہ لیا ہو۔
پاکستان میں کرکٹ کے نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے ایک اہم پیشرفت کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ڈومیسٹک کرکٹ کے مقابلوں کا شیڈول ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پری سیزن کیلنڈر سے باضابطہ طور پر ہم آہنگ کردیا ہے۔ نیشنل ٹی 20 گولڈ اور نیشنل ٹی 20 سلور ٹورنامنٹس، ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کی پلیئر آکشن سے قبل ٹیلنٹ کی شناخت اور کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے اہم مقابلے ہوں گے۔ ان ٹورنامنٹس کے ذریعے ڈومیسٹک کرکٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح کی کرکٹ سے ملک کی صفِ اول کی ٹی 20 فرنچائز لیگ تک رسائی کا واضح اور براہِ راست راستہ ملے گا جبکہ وہ قومی ٹیم میں شمولیت کے لیے زیرِ غور آنے کا موقع بھی حاصل کرسکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا سب سے بڑا پلیٹ فارم ہے اور 12واں سیزن اب تک کا سب سے زیادہ وسیع اور پرعزم ایڈیشن ہوگا۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا، اور اب ہم لیگ کو پہلے سے زیادہ شہروں تک لے جا کر اس کامیابی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ پہلی بار ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز پانچ سے چھ مقامات پر کھیلے جائیں گے جس سے لیگ پاکستان بھر کے شائقین کے مزید قریب آئے گی اور زیادہ شہروں کو اعلیٰ معیار کی ٹی 20 کرکٹ کی میزبانی کا موقع ملے گا۔۔