وانواتو کے ساحل کے قریب 6.9 شدت کا زلزلہ، سونامی وارننگ واپس
- شہریوں کو محتاط رہنے، اپنی حفاظت یقینی بنانے اور متعلقہ ایپس باقاعدگی سے چیک کرنے کی ہدایت
بحرالکاہل کے سونامی وارننگ سینٹر نے ہفتے کو وانواتو کے ساحل کے قریب 6.9 شدت کے زلزلے کے بعد جاری کی گئی سونامی وارننگ واپس لے لی۔
مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت کے ابتدائی اندازے 7.2 پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے 6.9 قرار دیا گیا۔
اس سے قبل وانواتو کے محکمہ ارضیاتی خطرات نے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق زلزلے کا مرکز جزیرہ سانتو پر واقع پورٹ اولری سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا۔ ادارے نے اسی علاقے کے قریب 6.3 شدت کے ایک اور زلزلے کی بھی نشاندہی کی۔
وانواتو کے سابق وزیراعظم الاتوئی اسماعیل کالساکاؤ نے فیس بک پر بتایا کہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور ہفتے کو مجموعی طور پر پانچ زلزلے محسوس کیے گئے۔ انہوں نے شہریوں کو محتاط رہنے، اپنی حفاظت یقینی بنانے اور متعلقہ ایپس باقاعدگی سے چیک کرنے کی ہدایت کی۔
وانواتو بحرالکاہل میں واقع جزائر پر مشتمل ملک ہے جہاں زلزلے آنا معمول ہے۔ یہ خطے کے معروف زلزلہ خیز علاقے رِنگ آف فائر میں واقع ہے جو جنوب مشرقی ایشیا سے بحرالکاہل کے وسیع علاقے تک پھیلا ہوا ہے اور زلزلوں و آتش فشانی سرگرمیوں کے لیے جانا جاتا ہے۔