✕
پاکستان

گوادر میں کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت کم از کم 10 دہشت گرد ہلاک

  • آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملوں میں ایک شہری جاں بحق، متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا
شائع اپ ڈیٹ

سیکیورٹی فورسز نے گوادر اور اس کے گردونواح میں کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت کم از کم 10 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ یہ کارروائیاں گبد سرحدی گزرگاہ اور گوادر شہر میں دہشت گردوں کی حملوں کی کوششوں کے بعد کی گئیں۔ فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ دہشت گردوں کے حملوں میں ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ حملے 22 اکتوبر کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم تنظیم ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے کیے۔

بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے شہریوں کے تحفظ اور متاثرہ علاقوں کو محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس آپریشن شروع کیا۔ مختلف جھڑپوں کے دوران فورسز نے ریاستی عمل داری کو نقصان پہنچانے کی دہشت گردوں کی کوششیں ناکام بنادیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیاں سیکیورٹی اہلکاروں کے کسی جانی نقصان کے بغیر مکمل ہوئیں اور علاقے میں امن و امان بحال کردیا گیا۔

بیان کے مطابق ان مقامات کو نشانہ بنا کر دہشت گردوں نے ان ہی لوگوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتے ہیں۔ ان کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنا تھا۔ شہریوں کے تحفظ اور علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے گوادر شہر اور اس کے گردونواح میں کارروائیاں شروع کیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ خاتون حملہ آور کی شمولیت دہشت گردوں کی جانب سے پروپیگنڈے کے مقاصد کے لیے بلوچ خواتین کے استحصال کی عکاسی کرتی ہے۔ آئی ایس پی آر نے ایک بلوچ خاتون کو مبینہ طور پر حملے کے لیے مجبور کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بلوچ اور اسلامی روایات کے منافی قرار دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے عوام مسلسل اپنے نام پر کی جانے والی تشدد کی کارروائیوں کو مسترد کرتے آئے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان پر وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور گوادر میں دہشت گردی کی کوششیں ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے دہشت گردوں کے حملے میں ایک شہری کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور شہید کے درجات کی بلندی جبکہ سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے فرض شناس اور بہادر افسران و اہلکاروں نے گوادر شہر اور گبد سرحدی گزرگاہ کے اطراف دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

اس سے قبل چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جہاں بھی پایا گیا، بھرپور نشانہ بنایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور میں کور ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران آرمی چیف کو موجودہ سیکیورٹی صورت حال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور صوبے میں تعینات فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے چوکس رہنے اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔