پاکستان کا معاشی اصلاحات کے لیے غیر ملکی ماہرین سے استفادے کا فیصلہ
- وزیراعظم محمد شہباز شریف کی بین الاقوامی مشاورتی فرم الویریز اینڈ مارسل کے شمالی امریکہ آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے جمعہ کو اسلام آباد میں عالمی مشاورتی فرم ’الویریز اینڈ مارسل‘ (اے اینڈ ایم) کے شمالی امریکہ آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان ساختی اصلاحات کو آگے بڑھانے، سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی کارکردگی بہتر بنانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کے لیے بین الاقوامی مشاورتی فرموں کی مہارت سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
ایک بیان کے مطابق وزیراعظم نے منیجنگ ڈائریکٹر اور وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنی معیشت کو بین الاقوامی منڈیوں کے لیے مزید کھولنے اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ اقتصادی ماہرین سے مشاورت کے لیے پُر عزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی اور مالیاتی استحکام کا مشکل ہدف کامیابی سے حاصل کرنے کے بعد حکومت گہری اور بنیادی نوعیت کی اداراجاتی اقتصادی اصلاحات کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد برآمدات پر مبنی ترقی اور پیداواری معیشت کے نئے دور کا آغاز کو یقینی بنانا ہے۔
وزیراعظم نے اس امر کو بھی اجاگر کیا کہ حکومت قومی شعبۂ صنعت و پیداوار کی کارکردگی اور استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے بھی موثر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ حکومت سرکاری ملکیتی اداروں (ایس او ایز) کی معاشی افادیت اور پائیداری کا جائزہ لینے کے لیے ایک فعال حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے جس کے تحت قومی معیشت کی بہتری اور اقتصادی ترقی کے لیے ان اداروں کی نجکاری کی راہ اختیار کی جارہی ہے۔
وزیراعظم نے اس امر پر خصوصی زور دیا کہ حکومت معاشی ترقی کے عمل کو مؤثر اور تیز رفتار بنانے کے لیے ماہرین کی ٹیم اور پیشہ ورانہ طور پر اہل افرادی قوت کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی تناظر میں پاکستان اقتصادی ترقی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے موثر، ذمہ دار اور فعال بین الاقوامی مشاورتی فرمز کے ساتھ نتیجہ خیز اور بامعنی شراکت داری کے لیے تیار ہے۔
الویریز اینڈ مارسل کے شمالی امریکہ آپریشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر پیٹر بریگز نے ملاقات کا موقع فراہم کرنے پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور عالمی اقتصادی ماہرین کے ساتھ مثبت روابط استوار کرنے کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کو سراہا۔ پیٹر بریگز نے پاکستان میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کے فروغ اور ایک پیداواری معیشت کے قیام کے لیے اپنی فرم کی جانب سے پاکستان کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور تعاون میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
پیٹر بریگز کے ہمراہ الویریز اینڈ مارسل کے دبئی میں منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر رضا باقر، لندن میں منیجنگ ڈائریکٹر طارق حمید اور استنبول میں منیجنگ ڈائریکٹر اونور اوکوتور بھی موجود تھے۔