اسٹیل ملز میں پیداواری نگرانی کا نظام نصب کرنے کیلئے 20 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر
- اس نظام کے ذریعے اسٹیل کی پیداوار اور ترسیل کی الیکٹرانک نگرانی کی جائے گی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسٹیل مصنوعات بنانے والے تمام رجسٹرڈ اداروں کو ہر پیداواری یونٹ اور فعال پروڈکشن لائن پر پیداواری نگرانی کا نظام نصب، مربوط، جانچ اور فعال کرنے کے لیے 30 دسمبر 2026 تک کی مہلت دے دی ہے۔
ایف بی آر نے بدھ کو سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 29 مجریہ 2026 جاری کرتے ہوئے اسٹیل پگھلانے والے یونٹس، ری رولرز اور مشترکہ پیداواری اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 اور سیلز ٹیکس رولز 2006 کے متعلقہ ضوابط کے تحت مقررہ نظام نافذ کریں۔
اس نظام کے ذریعے اسٹیل کی پیداوار اور ترسیل کی الیکٹرانک نگرانی کی جائے گی۔ اس میں بلٹس اور انگوٹس کی گنتی، مصنوعات کے سائز اور پیمائش کی تصدیق، تیار شدہ مصنوعات کی درجہ بندی اور گنتی، جبکہ مربوط وزنی کانٹوں کے ذریعے وزن اور ترسیل کی تصدیق شامل ہوگی۔
نظام پیداوار کی تاریخ، وقت، پروڈکشن لائن، مصنوعات کے سائز اور تخمینی وزن کا ریکارڈ مرتب کرے گا۔ سامان کی ترسیل کے وقت گاڑی کا رجسٹریشن نمبر، مجموعی وزن، خالی گاڑی کا وزن، خالص وزن اور مصنوعات کی اقسام بھی ریکارڈ کی جائیں گی، تاکہ اصل ترسیل اور تخمینی پیداوار میں فرق کی نشاندہی ہوسکے۔
ایف بی آر کے مطابق اسٹیل مینوفیکچررز کو مطلوبہ آلات اور سافٹ ویئر کی خریداری، تنصیب اور دیکھ بھال بورڈ کے منظور شدہ فراہم کنندگان سے کرانا ہوگی۔ آئرن اور اسٹیل کے شعبے کے لیے میسرز آئی ایس ایس ایم لیبلنگ سلوشنز اور میسرز اوبسیڈین کی نشاندہی کی گئی ہے۔
مینوفیکچررز نظام کی مسلسل فعالیت، بجلی اور انٹرنیٹ کی دستیابی اور نگرانی کے لیے مکمل رسائی یقینی بنانے کے پابند ہوں گے۔ نظام میں خرابی، نقصان یا چھیڑ چھاڑ کی اطلاع ایک گھنٹے کے اندر ایف بی آر، سینٹرل کنٹرول یونٹ اور متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو دینا ہوگی، جبکہ پیداواری لائنوں یا ترسیلی طریقہ کار میں تبدیلی سے 30 روز قبل آگاہ کرنا ہوگا۔
ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ مقررہ نظام کے تحت نگرانی اور ترسیل کا ریکارڈ مرتب کیے بغیر متعلقہ اسٹیل مصنوعات کاروباری مقام سے باہر نہیں بھیجی جاسکیں گی۔ خلاف ورزی، پیداوار چھپانے، نظام میں رکاوٹ ڈالنے یا آلات سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کے خلاف سیلز ٹیکس ایکٹ اور متعلقہ قواعد کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026