مشرقِ وسطیٰ میں سپلائی کے خدشات، عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا
- برینٹ خام تیل کی قیمت میں 85 سینٹ، یعنی 0.78 فیصد اضافہ ہوا
خام تیل کی قیمتوں میں بدھ کو معمولی اضافہ ہوا، کیونکہ مشرقِ وسطیٰ میں تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بڑھ گئے۔ بحیرۂ احمر میں بحری جہازوں اور سعودی عرب میں تیل کی تنصیبات کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر تاجر محتاط رہے۔
برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت میں 85 سینٹ، یعنی 0.78 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد جی ایم ٹی کے مطابق رات 12 بج کر 22 منٹ پر اس کی قیمت 109.64 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت میں بھی 76 سینٹ، یعنی 0.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 98.58 ڈالر فی بیرل ہو گئی۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کی سپاہِ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے منگل کو بتایا کہ ایک بڑے تیل بردار جہاز (سپر ٹینکر) میں آبنائے ہرمز کے جنوب میں ایک سمندری بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد آگ لگ گئی۔ ایرانی بحریہ کے مطابق یہ جہاز ایرانی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گزر رہا تھا۔
جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے ادارے کیپلر نے پیر کے روز اپنی رپورٹ میں بتایا کہ دو ہفتوں کے دوران بحری جہازوں پر حملوں کے کم از کم 18 واقعات رپورٹ ہوئے۔
ایل ایس ای جی کے تجزیہ کاروں نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ تیل بردار جہازوں پر حملوں کا دائرہ آبنائے ہرمز سے آگے تک پھیل گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران خلیجِ عمان میں بھی جنوب کی جانب موجود بحری جہازوں کو نشانہ بنارہا ہے جس سے خلیجِ عرب سے باہر تیل کی لوڈنگ کے عمل کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، جہازوں کے درمیان تیل کی منتقلی بھی خطرے میں ہے جس نے تنازع طویل ہونے کے دوران مشرقِ وسطیٰ سے تیل کی ترسیل کو جاری رکھنے میں مدد دی ہے۔
حوثی باغیوں نے پیرکو سعودی آرامکو کی ینبع میں واقع تنصیب، شیبہ آئل فیلڈ اور سعودی عرب کے ریاض اور ابہا ہوائی اڈوں پر حملوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔
پیر کو یمنی حکومتی فورسز پر حوثیوں کے حملے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 73 ہو گئی، جبکہ لڑائی میں مزید شدت آ گئی۔
اس سے قبل گزشتہ کاروباری سیشن میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئی تھی جس کی وجہ ایران کے صدر اور پاکستان کے آرمی چیف کے درمیان تہران میں ہونے والی ملاقات تھی جس میں ایران کے صدر نے ثالثی کی کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا تھا۔
منگل کو برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 76 سینٹ یعنی 0.69 فیصد کمی سے 108.79 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ اس سے قبل قیمت پانچ ماہ کی بلند ترین سطح 111.99 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔
امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کے نومبر کے معاہدے جس کی مدت منگل کو ختم ہو گئی کی قیمت میں 1.87 ڈالر، یعنی 1.8 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد یہ 101.79 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے منگل کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کو سعودی عرب یا یمن کے حوثیوں کی جانب سے امن مذاکرات میں ثالثی کی پیشکش پر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔
دوسری جانب، امریکا میں محکمۂ توانائی کے دو عہدیداروں نے منگل کو بتایا کہ وہ دنیا بھر کی تیل صاف کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ایندھن کی پیداوار بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں، کیونکہ ڈیزل کی قلت کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔
رائٹرز کے منگل کو جاری کردہ ایک توسیع شدہ سروے کے مطابق، گزشتہ ہفتے امریکا میں خام تیل کے ذخائر کے ساتھ ساتھ تیار شدہ پیٹرولیم ذخائر میں بھی کمی متوقع تھی۔
رائٹرز کے سروے میں شامل آٹھ تجزیہ کاروں نے اوسطاً اندازہ لگایا کہ 16 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران خام تیل کے ذخائر میں تقریباً 8 لاکھ بیرل کی کمی ہوئی۔