وزیراعظم شہباز شریف کا مویشیوں کی ویکسین تیار کرنے کے لیے قومی پلانٹ قائم کرنے کا اعلان
- لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ کی تنظیمِ نو کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے وسائل سے مویشیوں کے لیے جدید اور مؤثر ویکسین تیار کرنے کی غرض سے قومی سطح کا پلانٹ قائم کرے گی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق لائیو اسٹاک کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) میں ویکسین پلانٹ کے قیام کے لیے ایک ہفتے میں حکمت عملی پیش کی جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان میں مویشیوں کے لیے دستیاب ویکسینز ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) سے منظور شدہ نہیں ہیں، جس کے باعث ملک میں خالص ویکسین تیار کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
شہباز شریف نے لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈیولپمنٹ بورڈ (ایل ڈی ڈی بی) کی تنظیمِ نو کی بھی ہدایت کی۔ یہ بورڈ 2007 میں مویشیوں کی افزائش، دودھ اور گوشت کی پیداوار بڑھانے اور شعبے کی ترقی کے لیے قائم کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے بورڈ کو مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کے ماہرین شامل کرنے اور تنظیمِ نو کا منصوبہ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے خصوصی بانڈڈ گوداموں میں رکھے گئے درآمدی مویشیوں کو ویلیو ایڈیشن کے عمل میں شامل کرکے گوشت اور ڈیری مصنوعات برآمد کرنے کے اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ لائیو اسٹاک کی صنعت کی ترقی میں نجی شعبے کو قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔
اجلاس کو برآمدات بڑھانے کے لیے جاری اصلاحات، مذبح خانوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ اور درآمدی مویشیوں کے لیے خصوصی بانڈڈ گوداموں کے قیام سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفاقی وزرا رانا تنویر حسین، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ اور جام کمال خان، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔