سیال پیرس میں پاکستان کی متنوع غذائی مصنوعات کی نمائش، یورپی خریداروں کی بھرپور دلچسپی
- فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا
پاکستان نے پیرس، فرانس میں 17 سے 21 اکتوبر 2026 تک جاری رہنے والی دنیا کی معروف بین الاقوامی غذائی نمائشوں میں سے ایک سیال پیرس 2026 کے پہلے روز نمایاں تاثر قائم کیا۔ فرانس میں پاکستان کی سفیر ممتاز زہرہ بلوچ نے پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا اور عالمی منڈیوں میں معیاری غذائی اور زرعی مصنوعات کے مسابقتی سپلائر کے طور پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو اجاگر کیا۔
ایونٹ میں ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کے زیرِ اہتمام مجموعی طور پر 37 پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شرکت کررہی ہیں جہاں چاول، پراسیسڈ فوڈز، ہمالیائی گلابی نمک، مشروبات اور دیگر غذائی مصنوعات کی متنوع اقسام پیش کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی ڈی اے پی نے نمائش میں آزادانہ طور پر شرکت کرنے والی پاکستانی کمپنیوں کے لیے ویزوں کے انتظامات میں بھی معاونت فراہم کی تاکہ اس اہم بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستانی برآمدکنندگان کی وسیع تر شرکت کو ممکن بنایا جاسکے۔
نمائش میں پاکستان کی شرکت میں چاول کے برآمدکنندگان کا نمایاں حصہ ہے، جہاں شریک 37 پاکستانی کمپنیوں میں سے 22 کا تعلق چاول کے شعبے سے ہے۔
نمائش کے پہلے روز پاکستانی بریانی بھی خصوصی توجہ کا مرکز بنی جس نے ملک کی بھرپور ثقافتی و غذائی وراثت، منفرد ذائقوں اور اعلیٰ معیار کے چاول کو اجاگر کیا۔
نمائش کے پہلے روز موصول ہونے والے ابتدائی ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ یورپی خریداروں نے پاکستانی مصنوعات، بالخصوص باسمتی چاول میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ برآمدکنندگان کے مطابق خریداروں کی جانب سے نمایاں دلچسپی سامنے آئی ہے اور آرڈرز ملنے کے امکانات بھی حوصلہ افزا ہیں۔ یہ صورتحال یورپی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور وہاں کے درآمدکنندگان و تقسیم کاروں کے ساتھ تجارتی روابط مزید مستحکم کرنے کے امکانات کو ظاہر کرتی ہے۔
سیال پیرس 2026 میں پاکستان کی شرکت نئی منڈیوں کی تلاش، عالمی خریداروں کے ساتھ روابط مضبوط بنانے اور ویلیو ایڈڈ و روایتی غذائی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ نمائش پاکستانی کمپنیوں کو دیگر ممالک کے کاروباری اداروں کے ساتھ براہِ راست تجارتی روابط قائم کرنے، اپنی مصنوعات کے معیار اور معیارات کو اجاگر کرنے اور یورپ سمیت دیگر خطوں کے خریداروں کے ساتھ طویل مدتی تجارتی تعلقات استوار کرنے کا اہم موقع فراہم کرتی ہے۔