اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کا ٹیلی فونک رابطہ، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال
- اسحاق ڈار نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا
ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اتوار کو ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاری ہونے والے مختصر سرکاری بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اور بغداد میں جاری اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس پر گفتگو کی۔
بیان میں کہا گیا کہ اسحاق ڈار نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا 52واں اجلاس 17 اور 18 اکتوبر کو عراق کے دارالحکومت بغداد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کا موضوع مکالمہ اور یکجہتی، امن اور پائیدار ترقی کے فروغ کے دو بنیادی ستون تھا۔
اجلاس سے قبل جاری بیان میں او آئی سی کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد نے کہا کہ موجودہ دور کی حساسیت اور علاقائی و عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے باعث استحکام کے فروغ، اسلامی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور موجودہ چیلنجز کی نوعیت کے مطابق قراردادیں منظور کرنے کی اجتماعی ذمہ داری مزید بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ او آئی سی کے عملی طریقہ کار کو بہتر بنانے اور مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے اسے ضروری وسائل فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
دریں اثنا، اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کے درمیان بھی اتوار کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
سرکاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کی حمایت کا اظہار کیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026