پاکستان کی ایم ایس سی آئی اور ڈوئچے بینک سے کیپٹل مارکیٹ اصلاحات پر بات چیت
- کیپٹل مارکیٹ میں اصلاحات، مالی اعانت کے مختلف ذرائع اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بنکاک میں عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر مورگن اسٹینلے کیپیٹل انٹرنیشنل (ایم ایس سی آئی) اور ڈوئچے بینک کے نمائندوں سے ملاقات کی جس میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ میں اصلاحات، مالی اعانت کے مختلف ذرائع اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایم ایس سی آئی کے ساتھ ملاقات میں جس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر نے بھی شرکت کی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے معاشی اشاریوں اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی شرکت میں بہتری کو اجاگر کیا۔ بات چیت میں ایم ایس سی آئی کے درجہ بندی کے معیار اور زرمبادلہ، پیشگی فنڈنگ، مالی خطرات سے بچاؤ کے انتظامات (ہیجنگ) اور مشترکہ سرمایہ کاری سے متعلق غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تحفظات پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اجلاس میں اسپیشل کنورٹیبل روپیہ اکاؤنٹس (ایس سی آر اے) کے ذریعے سرمایہ اور منافع بیرون ملک منتقل کرنے کے انتظامات اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس تک رسائی بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے عملی مسائل کے حل اور مارکیٹ تک رسائی بہتر بنانے کے لیے تکنیکی سطح پر مزید مشاورت پر اتفاق کیا۔
ڈوئچے بینک کے نمائندوں سے الگ ملاقات میں محمد اورنگزیب نے معاشی استحکام، زرمبادلہ ذخائر، ملکی کریڈٹ ریٹنگ اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کو اجاگر کیا۔ انہوں نے نجی پلیسمنٹ، پانڈا بانڈز اور یورو بانڈز کے ذریعے پاکستان کی عالمی کیپٹل مارکیٹوں میں واپسی کے منصوبوں کی تفصیلات بھی بیان کیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اپنے مالی وسائل کے ذرائع متنوع بنانے کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے جن میں سکوک، ڈالر میں تصفیے والے روپے کے بانڈز اور یورو بانڈز کو ٹوکنائز کرنے کے امکانات شامل ہیں۔
انہوں نے پاکستان میں ڈوئچے بینک کی طویل عرصے سے موجودگی کو سراہا اور بینک پر زور دیا کہ وہ کاروباری شعبے کے ساتھ روابط بڑھانے اور غیر ملکی پورٹ فولیو سرمایہ کاری کی معاونت میں زیادہ فعال کردار ادا کرے۔ ملاقات میں قرضوں کے انتظام، کرنسی کے تنوع اور یورپ سمیت دیگر عالمی منڈیوں میں سرمایہ کاروں تک رسائی بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محمد اورنگزیب نے نجکاری کے عمل میں اسٹریٹجک مشاورتی معاونت فراہم کرنے میں ڈوئچے بینک کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا جس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور بڑے ہوائی اڈوں کی نجکاری بھی شامل ہے۔