✕
کاروبار اور معیشت

کیو ٹیک کا چینی کمپنی سے معاہدہ، لیتھیم بیٹریوں کی مقامی اسمبلنگ کا منصوبہ

*کیو ٹیک جدید لیتھیم بیٹریوں پر مبنی توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام متعارف کرانے اور مرحلہ وار ان کی مقامی اسمبلنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کی کوانٹم ڈیٹا ٹیکنالوجیز (کیو ٹیک)، جو پہلے چکوال اسپننگ ملز لمیٹڈ کے نام سے جانی جاتی تھی، نے آئی ٹی خدمات کے بعد توانائی ذخیرہ کرنے کے شعبے میں بھی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں کمپنی نے چین کی گریٹ پاور انرجی اینڈ ٹیکنالوجی کے ساتھ تعاون کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت گھریلو، صنعتی اور ڈیٹا سینٹرز کی ضروریات پوری کرنے کیلئے لیتھیم بیٹریوں کی مقامی اسمبلنگ کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔

لسٹڈ کمپنی نے بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ارسال کردہ نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس کے مطابق کیو ٹیک نے چین کی گوانگ ژو گریٹ پاور انرجی اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون اور مارکیٹ کی ترقی سے متعلق فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

گریٹ پاور چین کی توانائی ٹیکنالوجی کی ایک نمایاں کمپنی ہے جو جدید لیتھیم بیٹریوں اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام کی تیاری میں مہارت رکھتی ہے۔ کمپنی شین ژین اسٹاک ایکسچینج میں لسٹڈ ہے اور 13 اکتوبر 2026 تک اس کی مجموعی مارکیٹ مالیت تقریباً 4 ارب ڈالر تھی۔

نوٹس کے مطابق اس تعاون کے تحت کیو ٹیک جدید لیتھیم بیٹریوں پر مبنی توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام متعارف کرانے اور مرحلہ وار ان کی مقامی اسمبلنگ شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان نظام میں گھریلو اور تجارتی استعمال کے بیٹری پیک، صنعتی اور بڑے پیمانے پر بجلی کی فراہمی کے لیے توانائی ذخیرہ کرنے کے نظام، ڈیٹا سینٹرز، اے آئی کے بنیادی ڈھانچے، ای وی کی بیٹریوں سے متعلق بنیادی ڈھانچے اور توانائی کی زیادہ کھپت والے دیگر شعبوں کے لیے جدید حل شامل ہوں گے۔

کمپنی نے کہا کہ ایک ڈیٹا اور اے آئی سے لیس ٹیکنالوجی کمپنی ہونے کے ناطے وہ قابلِ اعتماد توانائی کی فراہمی اور توانائی کے تحفظ کو پاکستان کی تکنیکی پیشرفت کے لیے انتہائی ضروری سمجھتی ہے۔ کیو ٹیک نے مزید کہا کہ یہ اقدام جدید ٹیکنالوجی کے منصوبوں کو فروغ دینے اور شیئر ہولڈرز کے لیے طویل المدتی قدر پیدا کرنے کی ہماری وسیع تر حکمتِ عملی کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

کیو ٹیک کو پاکستان میں 31 جنوری 1988 کو پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔ کمپنی کی بنیادی سرگرمی آئی ٹی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات فراہم کرنا ہے۔

دریں اثنا، چین کی گوانگ ژو گریٹ پاور انرجی اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی لمیٹڈ بنیادی طور پر بیٹریوں کی تحقیق و ترقی، پیداوار اور فروخت کے شعبے سے وابستہ ہے۔ کمپنی کی مصنوعات توانائی ذخیرہ کرنے، نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں، صارفین کے ڈیجیٹل آلات، اسمارٹ ہوم اور اسمارٹ سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں استعمال ہوتی ہیں۔ کمپنی اپنی کاروباری سرگرمیاں چین کی مقامی اور بین الاقوامی منڈیوں میں انجام دیتی ہے۔