✕
کاروبار اور معیشت

اسٹیٹ بینک نے خواتین کی مالی شمولیت کے لیے بینکنگ آن ایکویلیٹی 2026 پالیسی متعارف کرا دی

  • نئی پالیسی کا مقصد خواتین کیلئے بینکاری، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات، قرضوں، کاروباری مواقع اور مالیاتی آگاہی تک رسائی بہتر بنانا ہے
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے خواتین اور مردوں کے درمیان مالیاتی شمولیت کے فرق کو مزید کم کرنے اور خواتین کو مالیاتی نظام کا فعال حصہ بنانے کیلئے بینکنگ آن ایکویلیٹی پالیسی 2026 متعارف کرا دی۔

نئی پالیسی کا مقصد خواتین کیلئے بینکاری، ڈیجیٹل مالیاتی خدمات، قرضوں، کاروباری مواقع اور مالیاتی آگاہی تک رسائی بہتر بنانا ہے تاکہ خواتین ملکی معاشی ترقی میں اپنی بھرپور صلاحیت کے مطابق کردار ادا کرسکیں۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق نئی پالیسی ڈیجیٹلائزیشن، خواتین کی کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مالیاتی سہولیات تک رسائی کے ذریعے بینکاری نظام سے باہر خواتین کو مالیاتی نظام میں شامل کرنے پر خصوصی توجہ دے گی۔

اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ خواتین کی مالیاتی شمولیت طویل المدتی معاشی خوشحالی کیلئے نہایت اہم ہے اور یہ اقدام اسٹیٹ بینک کے وژن 2026 کا بھی اہم حصہ ہے۔

بینکنگ آن ایکویلیٹی کی پہلی پالیسی 2021 میں متعارف کرائی گئی تھی جس کا مقصد مالی شمولیت میں بڑھتے ہوئے صنفی فرق کو کم کرنا اور بینکاری شعبے کو خواتین کیلئے زیادہ سازگار بنانا تھا۔ پالیسی کے نتیجے میں مالیاتی شمولیت میں خواتین اور مردوں کے درمیان فرق 2021 کے 39 فیصد سے کم ہو کر 2025 میں 29 فیصد رہ گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق اسی عرصے کے دوران بینکوں نے 17 ہزار 500 سے زائد خواتین کو ملازمتیں فراہم کیں جس کے نتیجے میں بینکاری شعبے میں خواتین ملازمین کا مجموعی تناسب 13 فیصد سے بڑھ کر 17 فیصد ہوگیا۔

بینکوں میں خواتین کیلئے خصوصی مالیاتی خدمات کے شعبے اور ٹیمیں بھی قائم کی گئی ہیں جو خواتین کی ضروریات کے مطابق مصنوعات اور مالیاتی سہولیات تیار کررہی ہیں۔

بینکنگ آن ایکویلیٹی پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے اعتراف میں اسٹیٹ بینک کو حال ہی میں الائنس فار فنانشل انکلوژن کی جانب سے پالیسی اچیومنٹ ایوارڈ فار جینڈر انکلوسو فنانس 2026 بھی دیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے بینکنگ آن ایکویلیٹی پالیسی 2026 میں خواتین کی مالیاتی شمولیت کے حوالے سے مزید جامع اہداف مقرر کئے ہیں۔

مزید تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت مالیاتی شعبے میں خواتین کی بھرتی اور ملازمت برقرار رکھنے کی شرح بہتر بنانے، خواتین کیلئے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی بڑھانے، خواتین کے کاروبار اور مالیاتی خواندگی کو فروغ دینے جبکہ خواتین سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار کے استعمال کو بہتر بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ نئی پالیسی کے تحت بینکوں کو خواتین کی بھرتی، صارفین تک رسائی اور برانچ لیس بینکاری ایجنٹس میں خواتین کی نمائندگی کے حوالے سے اہداف دیے گئے ہیں۔