ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل نئی تفصیلات کے ساتھ آئی پی او درخواست دوبارہ جمع کرائے گی
- اضافی تفصیلات میں بنیادی کاروبار کی منتقلی سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جائیں گی، بیان
ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ نے منگل کو بتایا کہ وہ اپنی موجودہ ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کی درخواست واپس لے کر نئی درخواست جمع کرائے گی جس میں کاروبار کو شراکتی ادارے سے پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل کرنے سے متعلق اضافی تفصیلات اور وضاحتیں شامل ہوں گی۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبل لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے موجودہ آئی پی او درخواست واپس لینے اور پراسپیکٹس میں اضافی تفصیلات شامل کرنے کے بعد نئی درخواست جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ اضافی تفصیلات میں بنیادی کاروبار کی منتقلی سے متعلق مزید معلومات فراہم کی جائیں گی جو 1998ء سے شراکتی کاروبار کے طور پر کام کر رہا تھا اور اب 2026ء میں نئی قائم کردہ پبلک لمیٹڈ کمپنی میں تبدیل ہو چکا ہے۔
معاملے سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ آئی پی او کی دستاویزات میں بعض ایسی تفصیلات مناسب طور پر شامل نہ کیے جانے پر تحفظات سامنے آنے کے بعد درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ ان تفصیلات کے فقدان کا معاملہ ریگولیٹری حکام کے نوٹس میں آیا جس کے بعد کمپنی کو مطلوبہ معلومات شامل کرکے اپنی درخواست دوبارہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔
ایس ای فروٹس نے کہا کہ بورڈ کے نزدیک درخواست دوبارہ جمع کرانے کا فیصلہ شفافیت، ضابطہ جاتی تقاضوں کی تکمیل، سرمایہ کاروں کے تحفظ اور باخبر سرمایہ کاری کے فیصلوں کے مفاد میں ہے۔ کمپنی نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے کے عزم پر قائم ہے۔
کمپنی نے کہا کہ درخواست واپس لینا ایک ضابطہ جاتی کارروائی ہے اور اس کا مطلب آئی پی او کے منصوبے سے دستبرداری نہیں۔ ایس ای فروٹس پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ تک رسائی کے لیے پُرعزم ہے اور نظرثانی شدہ پراسپیکٹس کی تیاری اور متعلقہ ضابطہ جاتی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دوبارہ درخواست جمع کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبلز لمیٹڈ جو پہلے شاہین انٹرپرائزز کے نام سے جانی جاتی تھی، پنجاب میں قائم باغبانی کی مصنوعات برآمد کرنے والی کمپنی ہے۔ یہ آم، ترشاوہ پھلوں (کینو)، آلو اور دیگر زرعی اجناس کی برآمد میں مہارت رکھتی ہے۔
مالی سال 2026ء کے دوران ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبلز کی مجموعی فروخت تقریباً 7.6 ملین ڈالر جبکہ برآمدی آمدن لگ بھگ 4 ملین ڈالر رہی۔ مالی سال 2026ء میں کمپنی کی خالص آمدن 2 ارب 13 کروڑ 30 لاکھ روپے رہی جبکہ ٹیکس ادائیگی کے بعد منافع 30 کروڑ 38 لاکھ روپے ریکارڈ کیا گیا۔ کمپنی مالی سال 2024ء سے قرضوں سے پاک ہے۔ مالی سال 2026ء میں قومی سطح پر پھلوں اور سبزیوں کی مجموعی برآمدات میں کمپنی کا حصہ 2 فیصد سے بھی کم رہا۔
2026ء میں ایس ای فروٹس اینڈ ویجیٹیبلز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آئی پی او کے ذریعے لسٹنگ کی تیاری کرنے والی تازہ پھلوں اور سبزیوں کی پہلی کمپنی بن گئی۔ آئی پی او کے ذریعے 1 ارب 20 کروڑ سے 1 ارب 92 کروڑ روپے تک سرمایہ حاصل کرنے کا منصوبہ ہے۔ یہ رقم ورکنگ کیپیٹل کی ضروریات پوری کرنے، پراسیسنگ اور برآمدی سرگرمیوں کو وسعت دینے، متحدہ عرب امارات اور ازبکستان میں بین الاقوامی دفاتر قائم کرنے اور انٹرپرائز ریسورس پلاننگ (ای آر پی)، اثاثوں کی نگرانی کے نظام اور شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کے لیے استعمال کی جائے گی۔