کمزور ڈالر اور ییلڈز میں کمی سے سونے کی قیمتوں میں اضافہ
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 4,169.32 ڈالر فی اونس ہوگئی
سونے کی قیمتوں میں جمعہ کو اضافہ ریکارڈ کیا گیا، امریکی ڈالر کی قدر میں کمی اور امریکی ٹریژری بانڈز پر منافع کی شرح گھٹنے سے سونے کی کشش بڑھ گئی، تاہم مارکیٹ شرکا مہنگائی کے برقرار خدشات اور امریکی فیڈرل ریزرو کی شرح سود سے متعلق آئندہ حکمت عملی کا جائزہ لیتے رہے۔
بدھ کو دو ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد جمعہ کو اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.9 فیصد اضافے کے ساتھ 4,169.32 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت بھی 0.9 فیصد بڑھ کر 4,194.40 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی۔
ڈالر کی قدر میں حالیہ تیزی عارضی طور پر تھم گئی جس سے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کیلئے ڈالر میں قیمت ادا کیے جانے والے سونے کی خریداری نسبتاً سستی ہوگئی جبکہ امریکی 10 سالہ ٹریژری بانڈز پر منافع کی شرح مسلسل دوسرے کاروباری سیشن میں بھی کم ہوگئی۔
کریٹیکل میٹلز کے چیف ایگزیکٹو ٹونی سیج نے کہا کہ مستقبل میں شرح سود میں ممکنہ اضافے کے خدشات سونے کی قیمتوں کو دباؤ میں رکھ سکتے ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب تیل کی قیمتوں میں اضافے اور مشرقِ وسطیٰ سے رسد متاثر ہونے کے بڑھتے خطرات کے باعث مہنگائی کے خدشات برقرار ہیں۔ تاہم مرکزی بینکوں کی جانب سے سونے کی مسلسل طلب قیمتوں میں کمی کو محدود کرسکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ تاجروں کی توجہ جاری ہونے والے معاشی اعداد و شمار پر ہوگی جن سے مانیٹری پالیسی کے مستقبل کے حوالے سے مزید اشارے مل سکتے ہیں اور اکتوبر میں فیڈرل ریزرو کے اجلاس سے قبل مارکیٹ کے رجحان پر اثر پڑ سکتا ہے۔‘
گزشتہ ماہ امریکی مرکزی بینک نے متفقہ طور پر پالیسی شرح سود میں 0.25 فیصد پوائنٹ اضافے کی منظوری دی تھی۔
سینٹ لوئس فیڈ کے صدر البرٹو موسلیم نے کہا کہ مہنگائی کو 2 فیصد کے ہدف تک واپس لانے کے لیے امریکی مرکزی بینک کو شرح سود میں مزید اضافہ کرنا ہوگا، تاہم انہوں نے اس ماہ کے آخر میں ہونے والے اجلاس میں پالیسی سازوں کے ممکنہ فیصلے کے بارے میں کچھ کہنے سے گریز کیا۔
سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق تاجروں کو اکتوبر میں شرح سود میں اضافے کا امکان 18 فیصد جبکہ دسمبر میں اضافے کا امکان 82 فیصد نظر آرہا ہے۔
سونے کو روایتی طور پر مہنگائی کے خلاف تحفظ کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، تاہم شرح سود میں اضافہ ایسے اثاثے کی کشش کم کردیتا ہے جس سے کوئی منافع حاصل نہیں ہوتا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نومبر میں ہونے والے وسط مدتی کانگریسی انتخابات سے قبل ایران پر حملہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان چھ ماہ سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے نتیجہ خیز مذاکرات ہورہے ہیں۔
دوسری جانب اسپاٹ چاندی کی قیمت 1.1 فیصد اضافے سے 60 ڈالر فی اونس ہوگئی، پلاٹینم 2.2 فیصد بڑھ کر 1,670.15 ڈالر اور پیلیڈیم 2.1 فیصد اضافے کے ساتھ 1,146.98 ڈالر فی اونس پر پہنچ گیا۔ تاہم تینوں دھاتوں کی قیمتیں ہفتہ وار بنیاد پر کمی کی جانب گامزن تھیں۔