بارودی سرنگ دھماکے کا الزام، شمالی کوریا کی جنوبی کوریا کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی
- 21 ستمبر کو دھماکے میں دو فوجیوں کے زخمی ہونے کو شمالی کوریا کی بچھائی بارودی سرنگ سے جوڑنا ’’من گھڑت سازش‘‘ ہے، وزارت خارجہ شمالی کوریا
شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کی جانب سے سرحدی بارودی سرنگ دھماکے کا الزام مسترد کرتے ہوئے علاقے کی خلاف ورزی پر ’’فوری اور طاقتور جوابی کارروائی‘‘ کی دھمکی دے دی۔
شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے منگل کو کہا کہ جنوبی کوریا کی جانب سے 21 ستمبر کے دھماکے کی تحقیقات میں دو فوجیوں کے شمالی کوریا کی نصب کردہ بارودی سرنگ سے شدید زخمی ہونے کا دعویٰ ’’من گھڑت سازش‘‘ ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے کے مطابق وزارت نے جنوبی کوریا اور اقوام متحدہ کمانڈ کی مشترکہ تحقیقات کو پیانگ یانگ کے خلاف سفارتی اور فوجی اقدامات کا جواز پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا۔
وزارت نے تحقیقات کے نتائج کو سنگین اشتعال انگیزی اور شمالی کوریا کی خودمختاری کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرحدی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پیانگ یانگ اپنے خودمختار حقوق زیادہ فیصلہ کن انداز میں استعمال کرے گا۔