فلائی دبئی کے شریک پائلٹ نے ایئرلائن میں ملازمت سے قبل حملے کی منصوبہ بندی کی، اسرائیلی حکام
- فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے شریک پائلٹ نے دوران پرواز ہنگامی صورتحال میں استعمال ہونے والی کلہاڑی سے پائلٹ پر حملہ کیا تھا
دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز کے شریک پائلٹ نے مبینہ طور پر طیارہ تباہ کرنے کی منصوبہ بندی ایئرلائن میں ملازمت حاصل کرنے سے قبل ہی کرلی تھی۔ دو اسرائیلی حکام نے تحقیقات سے باخبر ہونے کی بنیاد پر بتایا کہ عمانی شہری شریک پائلٹ نے متحدہ عرب امارات کے تفتیش کاروں کو یہ بات بتائی۔
ایک اور ذریعے کے مطابق شریک پائلٹ نے گزشتہ بدھ کی پرواز کو تل ابیب کے قریب بن گوریون ایئرپورٹ سے ٹکرانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ وہ رواں سال کے آغاز میں بھی تل ابیب جانے والی ایک پرواز چلا چکا تھا اور اس وقت بھی طیارہ ہائی جیک کرکے تباہ کرنے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم بعد میں اس منصوبے سے دستبردار ہوگیا۔
فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 کے شریک پائلٹ نے دوران پرواز ہنگامی صورتحال میں استعمال ہونے والی کلہاڑی سے پائلٹ پر حملہ کیا تھا۔ متحدہ عرب امارات کے پراسیکیوٹر جنرل نے واقعے کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شریک پائلٹ کا نام حمام الحمامی ہے۔ مسافروں اور عملے نے اسے قابو کرلیا، جبکہ بھارتی پائلٹ سمت مچھر حملے میں بچ گئے اور کاک پٹ کا دروازہ کھولنے پر ہیرو قرار دیے گئے۔
پرواز میں 170 سے زائد مسافر اور عملہ سوار تھا۔ متبادل فلائی دبئی پائلٹ نے طیارے کا کنٹرول سنبھال کر اسے شمال مغربی سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈے پر اتارا، جہاں شریک پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا اور بعدازاں متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا۔