12 بین الاقوامی میچوں کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان
- پاکستان، سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کی میزبانی کرے گا
پاکستان، سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سیریز کی میزبانی کرے گا جبکہ دونوں سیریز کے درمیان انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سہ فریقی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔
9 اکتوبر سے 21 نومبر تک ہونے والے ان 12 بین الاقوامی میچوں کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن اور نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر جیفری کرو 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں ہونے والی سات میچوں پر مشتمل ون ڈے سہ فریقی سیریز میں میچ آفیشلز کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
کرو نے اکتوبر 2004 میں فیصل آباد میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سے میچ ریفری کی حیثیت سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے جیفری کرو رواں ماہ 350 ون ڈے میچوں میں بطور آفیشل خدمات انجام دینے والے میچ ریفری بنے، جبکہ وہ 700 بین الاقوامی میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دینے والے دنیا کے دوسرے شخص بھی بن گئے۔
پاکستان کے احسن رضا اور بنگلہ دیش کے شرف الدولہ ابن شاہد، دونوں آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کے ارکان ہیں، جبکہ نیوزی لینڈ کے وین نائٹس، آصف یعقوب، ناصر حسین، راشد ریاض وقار اور فیصل خان آفریدی آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے امپائرز کی حیثیت سے ون ڈے سہ فریقی سیریز میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
وین نائٹس سہ فریقی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ میں آصف یعقوب کے ساتھ فیلڈ امپائر ہوں گے۔ یہ ان کا 38 واں ون ڈے بطور امپائر ہوگا۔
احسن رضا سہ فریقی سیریز کے آخری دو میچوں میں فیلڈ امپائر ہوں گے۔ لاہور میں سری لنکا اور انگلینڈ کے میچ میں ان کے ساتھ شرف الدولہ ہوں گے، جبکہ فائنل میں وہ نائٹس کے ساتھ امپائرنگ کریں گے۔
فیصل خان آفریدی، راشد ریاض اور ناصر حسین سہ فریقی سیریز میں ایک، ایک میچ میں فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ آصف یعقوب دو میچوں میں یہ ذمہ داری انجام دیں گے۔
شرف الدولہ اور وین نائٹس سہ فریقی سیریز کے دوران باری باری تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے، سیریز کے افتتاحی میچ میں شرف الدولہ تھرڈ امپائر ہوں گے۔
انگلینڈ کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر اور آئی سی سی ایمرجنگ میچ ریفریز گروپ کے رکن ڈین کوسکر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی اور لاہور میں ہونے والے دو ٹیسٹ میچوں میں پہلی مرتبہ ٹیسٹ میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
انہوں نے اکتوبر 2024 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک 16 ون ڈے، 17 ٹی ٹوئنٹی، 3 ویمنز ون ڈے اور 6 ویمنز ٹی ٹوئنٹی میچوں میں میچ آفیشل کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔
آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز کے ارکان جنوبی افریقہ کے ایڈرین ہولڈ اسٹاک، اللہ الدین پالیکر اور آسٹریلیا کے روڈنی ٹکر دونوں ٹیسٹ میچوں میں فیلڈ امپائر ہوں گے۔
راولپنڈی میں پہلے ٹیسٹ میں ہولڈ اسٹاک اور ٹکر فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پالیکر، ہولڈ اسٹاک کے ساتھ فیلڈ امپائر ہوں گے۔
پہلے ٹیسٹ میں پالیکر اور دوسرے ٹیسٹ میں ٹکر تھرڈ امپائر ہوں گے۔ فیصل آفریدی اور آصف یعقوب بالترتیب پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں فورتھ امپائر کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
9، 11 اور 13 اکتوبر کو ہونے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں آئی سی سی انٹرنیشنل میچ ریفری علی نقوی میچ آفیشلز کی ٹیم کی قیادت کریں گے۔
پہلے ٹی ٹوئنٹی میں راشد ریاض اور ناصر حسین فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ دوسرے میچ میں فیصل آفریدی، ناصر حسین کے ساتھ امپائرنگ کریں گے۔ تیسرے میچ میں راشد ریاض، فیصل آفریدی کے ساتھ فیلڈ امپائر ہوں گے۔
تینوں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بالترتیب فیصل، راشد اور ناصر تھرڈ امپائر ہوں گے، جبکہ پی سی بی نیشنل ایلیٹ پینل کے امپائر طارق رشید تینوں میچوں میں فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔