پٹرول ریلیف اسکیم: 76 لاکھ رجسٹریشنز مکمل، 77 لاکھ 10 ہزار ٹوکن کیش
وفاقی حکومت کی پٹرول ریلیف اسکیم نے اہم سنگِ میل عبور کرلیا، ملک بھر میں تقریباً 76 لاکھ رجسٹریشنز مکمل ہوچکی ہیں جبکہ 77 لاکھ 10 ہزار پٹرول ریلیف ٹوکنز پہلے ہی کیش کرائے جاچکے ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پٹرولیم سبسڈی سے متعلق قومی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں وزیراعظم ٹرول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم کے دفتر کے مطابق کمیٹی نے رجسٹریشن، ٹوکن کیش کرانے، ادائیگیوں اور شکایات کے ازالے سے متعلق پیشرفت کا جائزہ لیا۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ اب تک تقریباً 76 لاکھ رجسٹریشنز کامیابی سے مکمل ہوچکی ہیں اور ٹوکن کیش کرانے کا عمل دوسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے۔ اب تک 77 لاکھ 10 ہزار ٹوکن کیش کرائے جاچکے ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اسکیم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت کے تمام اداروں کی مشترکہ حکمتِ عملی کا عکاس ہے جس کے تحت وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن، وزارتِ اطلاعات و نشریات، وزارتِ پٹرولیم، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)، اسٹیٹ بینک اور صوبوں نے مشترکہ اور مربوط کوششیں کی ہیں۔
اسحاق ڈار نے مستحقین کو سہولت فراہم کرنے اور ملک بھر میں خدمات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے مسلسل رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کفایت شعاری اور اضافی بچت کے اقدامات کی نگرانی اور عمل درآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی بھی صدارت کی۔
کمیٹی نے کفایت شعاری اور توانائی کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں مالیاتی نظم و ضبط یقینی بنانے اور سرکاری وسائل کے محتاط استعمال پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اسحاق ڈار نے تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی کہ گزشتہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں پر مکمل اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔