✕
کاروبار اور معیشت

2 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کے طریقہ کار کی منظوری

  • ملک میں چینی کی قیمتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کیلئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی بھی قائم کردی گئی
شائع اپ ڈیٹ

حکومت نے منگل کو 2 لاکھ میٹرک ٹن اضافی چینی برآمد کرنے کے طریقہ کار کی منظوری دے دی جبکہ ملک میں چینی کی قیمتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کیلئے ایک مانیٹرنگ کمیٹی بھی قائم کردی اور متعلقہ وزارتوں کو عملدرآمد کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اضافی چینی کی برآمد سے متعلق کابینہ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں 2 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کیلئے طریقہ کار کو حتمی شکل دی گئی اور چینی کی قیمتوں کی باقاعدگی سے نگرانی کیلئے مانیٹرنگ کمیٹی کے قیام کی منظوری دی گئی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے تمام متعلقہ وزارتوں کو عملدرآمد تیز کرنے اور زیر التوا امور فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ شوگر انڈسٹری اور گنے کے کاشتکاروں کی معاونت، زرمبادلہ کی آمدنی میں اضافہ اور مقامی صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

اجلاس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق، وزیر موسمیاتی تبدیلی، معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری تجارت، سیکریٹری قومی غذائی تحفظ و تحقیق اور وفاقی و صوبائی محکموں کے دیگر متعلقہ حکام و اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026