شزہ فاطمہ خواجہ کا ہواوے گلوبل سروس سینٹر کا دورہ
- ہواوے گلوبل سروس سینٹر پاکستان کی ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کے عالمی مرکز کے طور پر بڑھتی ہوئی صلاحیت کا مظہر ہے، وفاقی وزیر
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے اسلام آباد میں ہواوے کے گلوبل سروس سینٹر (جی ایس سی) کا دورہ کیا جہاں انہیں مرکز کی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے مرکز کا دورہ کیا اور عالمی آئی سی ٹی آپریشنز میں معاونت کرنے والے پاکستانی نوجوان انجینئرز اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ماہرین سے ملاقات بھی کی۔
وفاقی وزیر کا استقبال ہواوے پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایتھن سن، ہواوے پاکستان کے اے آئی اینڈ کلاؤڈ کے سی ای او احمد بلال مسعود اور جی ایس سی کی اعلیٰ انتظامیہ نے کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے کہا کہ ہواوے گلوبل سروس سینٹر پاکستان کی ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے متعلق خدمات کے عالمی مرکز کے طور پر بڑھتی ہوئی صلاحیت کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس ماڈل کو کنٹینرز کی ترسیل کے بغیر برآمدات قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ماہرین ملک میں رہتے ہوئے بین الاقوامی منڈیوں کو اعلیٰ قدر کی حامل ڈیجیٹل خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی نوجوان افرادی قوت کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 68 فیصد آبادی کی عمر 30 سال سے کم ہے۔ انہوں نے اس آبادیاتی قوت کو ہنرمند انسانی سرمائے اور عالمی معاشی مواقع میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعظم کے دورۂ چین کے دوران طے پانے والی پاکستان اور ہواوے کی تربیتی شراکت داری کا حوالہ دیتے ہوئے شزہ فاطمہ نے ہواوے کی جانب سے 3 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو آئی سی ٹی مہارتوں کی تربیت دینے کے عزم کو سراہا۔ انہوں نے پائیدار ٹیکنالوجی ٹیلنٹ پائپ لائن کی تشکیل اور پاکستانی نوجوانوں کو عالمی مواقع سے جوڑنے کے لیے حکومت، صنعت اور تعلیمی اداروں کے درمیان مزید مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر نے ہواوے کی آئی سی ٹی اکیڈمیز کے ذریعے تکنیکی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے خدمات کو سراہا اور کمپنی پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری، علم کی منتقلی اور رہنمائی کے پروگراموں کو مزید وسعت دے جبکہ ملک میں تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) مرکز کے قیام کے امکانات کا بھی جائزہ لے۔
مرکز میں خواتین انجینئرز سے ملاقات کے دوران وزیر نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں ان کے کردار کو سراہا اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں خواتین کے لیے مزید مواقع پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر ایتھن سن نے کہا کہ ہواوے کو پاکستان میں مقامی تکنیکی مہارت کو فروغ دینے اور پاکستانی ماہرین کے لیے عالمی ڈیجیٹل معیشت میں حصہ لینے کے مواقع پیدا کرنے کے ذریعے ملک کی ڈیجیٹل ترقی میں کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔