پیٹرول 2 روپے 27 پیسے، ڈیزل 3 روپے 56 پیسے فی لیٹر سستا
- نئی قیمتیں 29 ستمبر کیلئے نافذ العمل ہوں گی
حکومت نے 29 ستمبر 2026 کیلئے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 27 پیسے فی لیٹر کمی کردی، جس کے بعد نئی قیمت 389 روپے 3 پیسے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 3 روپے 56 پیسے کم کرکے 404 روپے 97 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے پیر کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 408 روپے 53 پیسے سے کم کرکے 404 روپے 97 پیسے فی لیٹر کردی گئی، جبکہ موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت 391 روپے 30 پیسے سے کم کرکے 389 روپے 3 پیسے فی لیٹر کردی گئی۔
وفاقی حکومت کے پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت نظرثانی شدہ قیمتیں 29 ستمبر 2026 سے نافذ العمل رہیں گی۔
پٹرولیم ڈویژن کے مطابق قیمتوں میں نظرثانی عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت، بشمول پَلٹس نرخوں، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں تبدیلیوں کے باعث ضروری ہوئی۔
گزشتہ جمعہ کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 2 پیسے فی لیٹر اضافہ جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 59 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
دریں اثنا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے اور آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے سے متعلق امن معاہدے کی تجویز مسترد کیے جانے کے بعد پیر کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا۔
گرین وچ مین ٹائم کے مطابق دوپہر ایک بج کر 20 منٹ پر برینٹ فیوچرز 1.68 ڈالر یا 1.6 فیصد اضافے سے 106 ڈالر فی بیرل ہوگئے۔ دورانِ سیشن قیمت 15 ستمبر کے بعد بلند ترین سطح پر بھی پہنچ گئی تھی۔ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 1.69 ڈالر یا 1.8 فیصد اضافے سے 94.10 ڈالر فی بیرل پر تھا۔