✕
کاروبار اور معیشت

نئے پی آئی اے طیارے، حکومت نہ تو فنانسنگ کررہی اور نہ خودمختار ضمانت کے قرض کا اعلان کیا ہے، خرم شہزاد

  • حکومت پی آئی اے کو فنانسنگ اور سپلائرز تک رسائی میں مدد دے رہی ہے، طیارے نہیں خرید رہی، مشیر خزانہ
شائع اپ ڈیٹ

وزیر خزانہ نے نجکاری شدہ پی آئی اے کے لیے بوئنگ طیاروں کی خریداری، ریفائنری اپ گریڈیشن اور جنوب مغربی بلوچستان میں تانبے اور سونے کے منصوبے ریکو ڈک کے لیے امریکی ایکسپورٹ امپورٹ بینک کی ممکنہ فنانسنگ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

یہ بات وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے اتوار کو ایکس پر جاری بیان میں بتائی۔

خرم شہزاد کے مطابق حکومت پی آئی اے کو فنانسنگ اور سپلائرز تک رسائی میں معاونت فراہم کررہی ہے، تاہم حکومت خود طیارے نہیں خرید رہی اور نہ ہی کسی خودمختار ضمانت یا ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے قرض کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی ایگزم بینک طیاروں کے عوض فنانسنگ فراہم کرنے اور ایئرلائن یا لیز لینے والے ادارے کی قرض واپس کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لے سکتا ہے، اس لیے خودمختار ضمانت لازمی نہیں۔