امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے اعلان کیا ہے کہ پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خاتمے اور آئی پی پیز مافیا سے نجات حاصل کرنے کے مطالبات پر مبنی 20لاکھ محضر نامے پر کروائے جائیں گے، اس سلسلے میں ہفتہ سے کراچی کے 25 مقامات پر احتجاجی کیمپس لگائے جائیں گے اور بڑے پیمانے پر رابطہ عوام مہم چلائی جائے گی۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ بھتہ لیوی ختم،آئی پی پیز مافیا سے نجات دلائی جائے، روٹی 10روپے کی جائے۔ اگر حکومت پالیسی ریٹ میں 3 فیصد کمی کردے تو اس کے نتیجے میں تقریباً 1700 ارب روپے کا فائدہ ہوسکتا ہے اور عوام کو پیٹرولیم لیوی جیسے بھتہ ٹیکس سے نجات دلانے میں مدد مل سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا کے تشکیل کردہ ٹریبونل کے فیصلے کے نتیجے میں کے الیکٹرک کی بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 60 پیسے کا فرق واقع ہوا ہے جس سے حکومت کو 200 ارب روپے کا فائدہ ہوگا۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت کو حاصل ہونے والا یہ فائدہ براہِ راست عوام کو منتقل، بجلی کے بلوں میں کمی کی جائے، شدید گرمی میں بچوں، بوڑھوں اور خواتین سمیت ہر شہری پریشان ہے، کراچی میں لوڈشیڈنگ ختم کی جائے۔
کراچی کا نصف حصہ پانی سے محروم ہے، کے فور منصوبہ تاحال نامکمل ہے، شہر کا انفرا اسٹرکچر تباہ حال ہے،ساڑھے پانچ سال سے ریڈ لائن منصوبہ شہریوں کے لیے عذاب بنا ہوا ہے، گرین لائن منصوبہ 2022سے نامکمل ہے، نما ئش سے آگے کے حصے کا کام بھی مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا، جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک جاری ہے۔
منعم ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کی نورا کشتی کا خمیازہ آج کراچی، اندرون سندھ اور پورے صوبے کے عوام بھگت رہے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026