✕
پاکستان

پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں کارروائی، 750 ملین ڈالر مالیت کی 2800 کلو سے زائد منشیات پکڑلی

  • صرمملک آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراجِ تحسین
شائع اپ ڈیٹ

پاک بحریہ کے جہازوں حنین اور یرموک نے بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف مشترکہ آپریشن کے دوران تقریباً 750 ملین ڈالر مالیت کی 2,800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں۔

ہفتے کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی پریس ریلیز کے مطابق معمول کی گشت کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں نے ایک مشکوک کشتی کو روکا اور تلاشی کے دوران اس کے خفیہ خانوں سے منشیات برآمد کیں۔

چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے افسران اور عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو سراہا اور سمندری تحفظ نیز سمندر کے راستے غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بحیرہ عرب میں منشیات کے خلاف کامیاب کارروائی پر پاک بحریہ کے جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور بحری سلامتی کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے عزم کو سراہا۔

صدر زرداری نے کہا کہ پاک بحریہ ملک کی سمندری حدود اور بحری راستوں کی حفاظت کے لئے قابلِ قدر کردار ادا کر رہی ہے،پاکستان امن و سلامتی کے فروغ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے تدارک کے لیے پر عزم ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی بحیرہ عرب میں پاکستان نیوی کی کارروائی میں 2,800 کلوگرام سے زائد منشیات کی برآمدگی پر خراجِ تحسین پیش کیا

وزیراعظم نے پاکستان نیوی کے افسران اور جوانوں کو کامیاب کارروائی پر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف پاکستان نیوی کی کارروائیاں قابل تحسین ہیں، پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاکستان نیوی کا کردار اہم ہے۔