✕
پاکستان

آبنائے ہرمز اور باب المندب عالمی معیشت کی شہ رگ، انہیں کھلا رہنا چاہئے ، وزیراعظم

  • کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، کشمیریوں کی مکمل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، شہباز شریف
شائع اپ ڈیٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے آبنائے ہرمز اور باب المندب کو کھلا رکھنے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ دونوں اہم بحری راستے عالمی معیشت کی شریانیں ہیں اور انہیں اقوام کو آپس میں ملانے کا ذریعہ ہونا چاہیے، نہ کہ ’’محاذ آرائی کے گزرگاہیں بننا چاہیے۔

وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ کشیدگی میں اضافے نے اہم بحری راستوں کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ میزائلوں، ڈرونز اور توپوں کی گھن گرج کے درمیان سفارت کاری کی آواز اس سے بھی زیادہ بلند اور مضبوط ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز اور باب المندب عالمی معیشت کی شریانیں ہیں۔ انہیں کھلا رہنا چاہیے۔ ان پانیوں کے ذریعے جنگ کی تباہ کاریاں نہیں بلکہ خوشحالی کی امید پہنچنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ بحران کے دوران فوری طور پر اقدام کرنے کا فیصلہ کیا اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے واشنگٹن اور تہران کو اسلام آباد میں ایک میز پر لایا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات اور اس کے بعد طے پانے والی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت تنازع کے خاتمے کی جانب تاریخی اقدامات کی حیثیت رکھتے ہیں۔

فیلڈ مارشل منیر کی خدمات کو خراجِ تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مسلسل اور انتھک کوششوں نے انتہائی مشکل حالات میں سفارت کاری کے لیے گنجائش پیدا کرنے میں مدد دی۔

انہوں نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں، بالخصوص مقدس شہر مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش پر ڈرون حملے کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی سلامتی اور تقدس کو لاحق کوئی بھی خطرہ ریڈ لائن ہے جسے کبھی عبور نہیں کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

وزیراعظم نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاہدہ کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں دفاع، استحکام اور امن کے لیے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

حقِ دفاع کا استعمال

بھارت کا ذکر کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کو ایک سال قبل بھارت کی جانب سے بیرونی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا، جسے انہوں نے ایک جھوٹے بہانے کے تحت کی گئی کارروائی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے فطری حقِ دفاع کو استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہادرانہ قیادت میں ہماری شجاع اور دلیر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں درست اور مؤثر جواب دیا۔

وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت کو بھی مزید کشیدگی روکنے میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا میں کروڑوں لوگوں کی زندگیاں بچائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یقینی بنانا ہوگا کہ جنوبی ایشیا دوبارہ کبھی ایسی نازک صورتحال سے دوچار نہ ہو اور اس مقصد کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور غیر جانب دارانہ حل ضروری ہے۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیری نسل در نسل غیر قانونی قبضے، من مانی اور ماورائے عدالت حراست، قتل، جبری گمشدگیوں، جنسی تشدد اور اجتماعی سزا کا سامنا کرتے آئے ہیں، انہیں اپنی مکمل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت فراہم کرتے رہیں گے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا شفاف اورمنصفانہ حل ضروری ہے، آٹھ دہائیوں سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصوابِ رائے کے اپنے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں،کشمیری نسل در نسل غیر قانونی قبضے، من مانی اور ماورائے عدالت حراست، قتل، جبری گمشدگیوں، جنسی تشدد اور اجتماعی سزا کا سامنا کرتے آئے ہیں،حالیہ عرصے میں آبادیاتی ری-انجینئرنگ اور دیگر غیر قانونی اقدامات کے ذریعے جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششیں بھی کی گئی ہیں، بے بس کشمیری مائیں اور باپ اپنے ان بیٹوں اور بیٹیوں کے منتظر ہیں جو کبھی واپس نہیں آتے، ان کے گھر کرفیو اور غم کی خاموشی میں ڈوبے ہوئے ہیں،بہت سے لوگوں کے لیے کوئی اختتام یا تسلی نہیں، صرف ایسی پوری زندگی ہے جو بے نام قبروں کی تلاش میں گزر جاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس ایوان سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو پوری ذمہ داری اور اختیار کے ساتھ یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس وقت تک انہیں اپنی مکمل سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت فراہم کرتے رہیں گے جب تک انہیں حقِ خود ارادیت کا ناقابلِ تنسیخ حق حاصل نہیں ہو جاتا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہمیشہ رہے گی