پی ٹی آئی نے لانگ مارچ 5 اکتوبر تک مؤخر کردیا
- تحریک انصاف نے پشاور میں سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے دوران فیصلہ کیا
پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ مؤخر کرکے 5 اکتوبر کو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پارٹی کے بانی عمران خان کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔
آج نیوز نے پارٹی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا یہ فیصلہ پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی، صوبائی کابینہ کے ارکان اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔
رپورٹ کے مطابق کمیٹی نے 5 اکتوبر کو لانگ مارچ کی نئی تاریخ کے طور پر منظور کرلیا، تاہم باضابطہ اعلان قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجا ناصر عباس کو اعتماد میں لینے کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ لانگ مارچ ہر صورت ہوگا۔ اجلاس میں یہ تجویز بھی پیش کی گئی کہ پارٹی حتمی تاریخ دینے کے بجائے مختلف تاریخوں کا اعلان کرتی رہے، تاکہ حکومت پر دباؤ برقرار رکھا جاسکے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں لانگ مارچ کے معاملے پر پارٹی رہنماؤں کے درمیان اختلافات بھی سامنے آئے۔ بعض رہنماؤں نے شکایت کی کہ پارٹی 27 ستمبر کے مارچ کے لیے مؤثر انداز میں متحرک نظر نہیں آرہی۔
جواب میں محمود خان اچکزئی، راجا ناصر عباس اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کی تاریخ کسی مشاورت کے بغیر دی تھی۔
خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے بیشتر ارکان نے لانگ مارچ مؤخر کرنے اور اکتوبر کے اوائل میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کی تجویز دی۔ شرکا نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطے مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
دریں اثنا خیبر پختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ سے متعلق مشاورت جاری ہے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر راج نافذ کرنا غیر آئینی اقدام نہیں، ماضی میں خیبر پختونخوا سمیت مختلف صوبوں میں گورنر راج نافذ کیا جاچکا ہے۔
صوبے کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے گورنر نے الزام عائد کیا کہ خیبر پختونخوا میں بدعنوانی، بدامنی اور دہشت گردی کا سامنا ہے، جبکہ صوبائی پولیس ملک میں سب سے کم تنخواہیں حاصل کرنے والی فورس ہے۔
انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ صوبائی حکومت پولیس کو ٹائیگر فورس میں تبدیل کرنا چاہتی ہے اور کہا کہ وہ اس اقدام کے خلاف دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔
لانگ مارچ کے حوالے سے فیصل کنڈی نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی نے کوئی تیاری نہیں کی اور اس کے کارکن مارچ سے نکلنے کا راستہ تلاش کررہے ہیں۔ ان کے مطابق پارٹی ارکان رضاکارانہ طور پر گرفتاریاں دے رہے ہیں، جو ظاہر کرتا ہے کہ پارٹی لانگ مارچ سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ پی ٹی آئی آج یا کل لانگ مارچ ختم کرنے کا اعلان کردے گی۔