✕
کھیل

کمنز اور اسٹارک کی جنوبی افریقہ کے خلاف واپسی سے آسٹریلیا کا باؤلنگ اٹیک مضبوط

  • اسٹین لیک کو سائیڈ انجری، آسٹریلیا واپسی پر طبی اسکین کرائیں گے
شائع اپ ڈیٹ

جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز سے قبل آسٹریلیا کے باؤلنگ اٹیک کو کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک کی واپسی سے تقویت مل گئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا نے بتایا کہ آل راؤنڈر جیک ایڈورڈز بھی اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔

کمنز اور اسٹارک گزشتہ ہفتے زمبابوے کے خلاف 3-0 سے سیریز جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کا حصہ نہیں تھے مگر جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شرکت کریں گے، جس کا آغاز جمعرات کو ڈربن میں ہوگا۔

26 سالہ جیک ایڈورڈز آسٹریلیا اے کے بھارت کے دورے سے واپسی کے بعد ون ڈے ڈیبیو کے امیدوار ہیں۔ دوسری جانب فاسٹ باؤلرز بلی اسٹین لیک اور اسپینسر جانسن زمبابوے میں سیریز کھیلنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

اسٹین لیک کو سائیڈ انجری کا سامنا ہے اور آسٹریلیا پہنچنے پر ان کے طبی اسکین کیے جائیں گے، جبکہ ہرارے میں تین میں سے دو میچ کھیلنے والے جانسن کو مزید ضرورت نہ ہونے کے باعث واپس بھیج دیا گیا۔

ایڈورڈز نے جنوری میں پاکستان کے خلاف ایک ٹی20 انٹرنیشنل کھیلا تھا۔ وہ کیمرون گرین کے متبادل کے طور پر بھی موجود ہیں، جو کندھے میں تکلیف کے باعث زمبابوے کے خلاف تینوں میچ نہیں کھیل سکے تھے۔