صدر جیانی انفانٹینو فیفا اصلاحات پر بات چیت کے لیے تیار
- ورلڈ کپ سمیت فیفا کے تجارتی حقوق کا 20 فیصد نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کی تجویز پر انفانٹینو کو شدید ردعمل کا سامنا
زیورخ: فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے ادارے کے بڑے تزویراتی اقدامات اور فیصلہ سازی کے طریقہ کار کا آزادانہ جائزہ لینے کی تجویز پیش کردی ہے۔ یہ پیش رفت ورلڈ کپ سمیت فیفا کے تجارتی حقوق میں 20 فیصد حصہ نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کے متنازع منصوبے کی واپسی کے بعد سامنے آئی ہے۔
انفانٹینو نے فیفا کونسل اور 211 رکن ممالک کی فٹ بال تنظیموں کے سربراہان کو خط میں کہا کہ وہ فیفا کے موجودہ گورننس نظام کا آزادانہ بیرونی جائزہ لینے کی تجویز دیں گے۔ اس کے علاوہ کنفیڈریشنز، رکن تنظیموں اور دیگر متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے ذریعے فیصلہ سازی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی غور کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جائزے میں صدر، بیورو، کونسل اور کانگریس کے کردار، شفافیت اور احتساب سمیت بڑے فیصلوں میں مختلف اداروں کے اختیار کا تعین کیا جائے گا۔
انفانٹینو کے مطابق نجی سرمایہ کاری کا منصوبہ صرف فٹ بال کی ترقی کے لیے اضافی فنڈز حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ تھا، تاہم مکمل منظوری سے قبل اس کے منظرعام پر آنے سے غلط تاثر پیدا ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبہ واپس لے لیا گیا ہے اور اب آگے نہیں بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ رکن تنظیموں کے کسی تجویز یا ادارہ جاتی معاملے پر مؤقف کا فیفا کی جانب سے ان کے ساتھ برتاؤ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔