فوجی فوڈز کے سی ای او عثمان ظہیر مستعفی
- بورڈ آف ڈائریکٹرز مناسب وقت پر نئے سی ای او کا تقرر کرے گا
فوجی فوڈز لمیٹڈ نے بتایا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عثمان ظہیر احمد نے 18 ستمبر سے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا جبکہ بورڈ مناسب وقت پر ان کے جانشین کا تقرر کرے گا۔
لسٹڈ کمپنی نے پیر کو اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔
نوٹس میں کہا گیا کہ کمپنی کی پالیسی کے مطابق عثمان ظہیر احمد اپنے نوٹس پیریڈ کی تکمیل تک کمپنی کے سی ای او کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز مناسب وقت پر نئے سی ای او کا تقرر کرے گا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ کمپنی عثمان ظہیر احمد کی قیمتی خدمات، گراں قدر کردار اور کمپنی کے لیے ان کی لگن پر دلی تشکر اور تحسین کا اظہار کرتی ہے۔
عثمان کے لنکڈ اِن پروفائل پر موجود معلومات کے مطابق وہ مارچ 2022 سے فوجی فوڈز لمیٹڈ کے سی ای او کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ فوجی گروپ کے کنزیومر بزنس کی نگرانی کر رہے تھے جس میں چار فیکٹریوں کے ذریعے ڈیری، سیریلز، پاستا اور منجمد پھل و سبزیاں شامل ہیں۔
اس سے قبل وہ اپریل 2019 سے مارچ 2022 تک نشاط سوتاش ڈیری کے سی ای او رہے۔ وہ نشاط گروپ اور ترکیہ کی کمپنی سوتاش کے درمیان مشترکہ منصوبے کے آغاز ہی سے اس سے وابستہ تھے۔