✕
دنیا

امریکا کا بحیرہ کیریبین میں کشتی پر حملہ، 4 افراد ہلاک

  • مصدقہ انٹیلی جنس سے معلوم ہوا کہ کشتی منشیات کی اسمگلنگ میں فعال طور پر ملوث تھی، امریکی فوج
شائع اپ ڈیٹ

امریکی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ہفتے کے روز بحیرہ کیریبین میں ایک کشتی کو نشانہ بنا کر کارروائی کی، جس میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ امریکی فوج کے مطابق مذکورہ کشتی منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث تھی۔

امریکی فوج کی سدرن کمانڈ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس سے معلوم ہوا کہ کشتی منشیات کی اسمگلنگ میں فعال طور پر ملوث تھی۔

یہ حملہ گزشتہ سال شروع ہونے والی اس مہم کا تازہ ترین واقعہ ہے جس میں ٹرمپ انتظامیہ کے مطابق منشیات کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

امریکی فوج کے مطابق ہفتے کو ہونے والا حملہ 10 روز بعد کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بحیرہ کیریبین میں ایک کارروائی میں 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مہم شروع ہونے کے بعد سے بحیرہ کیریبین اور مشرقی بحرالکاہل میں کشتیوں پر امریکی حملوں میں 220 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ان حملوں کو ماورائے عدالت قتل قرار دیا ہے۔