✕
دنیا

ملائیشیا کے بادشاہ نے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو گھر میں نظر بندی کی اجازت دیدی

  • انہیں ریاستی سرمایہ کاری فنڈ ون ملائیشیا ڈیولپمنٹ برہاد سے منسلک اربوں ڈالر کی بدعنوانی اور رقوم کی خوردبرد کے مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی
شائع اپ ڈیٹ

ملائیشیا کے بادشاہ نے جمعہ کو سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو اپنی باقی سزا گھر میں نظر بندی کے تحت گزارنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیراعظم کے قانونی امور کے محکمے کے مطابق نجیب رزاق کو 23 اگست 2028 تک گھر میں نظر بندی میں رکھنے کی مشروط رعایت دی گئی ہے۔

73 سالہ نجیب رزاق 2009 سے 2018 تک ملائیشیا کے وزیراعظم رہے۔ انہیں ریاستی سرمایہ کاری فنڈ ون ملائیشیا ڈیولپمنٹ برہاد سے منسلک اربوں ڈالر کی بدعنوانی اور رقوم کی خوردبرد کے مقدمے میں سزا سنائی گئی تھی۔

محکمے کے مطابق نجیب رزاق کو 5 کروڑ رنگٹ (1 کروڑ 22 لاکھ 70 ہزار ڈالر) جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ یہ ان کے لیے دوسری معافی ہے۔ 2024 میں سابق بادشاہ نے ان کی 12 سالہ سزا کم کرکے 6 سال کر دی تھی۔

نجیب رزاق نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس فیصلے میں گھر میں نظر بندی کی اجازت بھی شامل ہے، تاہم اسے قانونی طور پر ثابت کرنے کی کوشش ناکام رہی تھی۔

نجیب رزاق نے بدعنوانی کے الزامات کی تردید کی ہے اور خود کو ایک پیچیدہ عالمی مالیاتی اسکینڈل کا قربانی کا بکرا قرار دیا ہے۔