تیل سستا، ڈالر محدود، سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے سے 4,346.65 ڈالر فی اونس رہی
سونے کی قیمت میں جمعہ کو معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا کیونکہ تیل کی قیمتوں میں کمی اور امریکی ڈالر کی قدر میں محدود سرگرمی نے سونے کو سہارا دیا جبکہ مارکیٹ کے شرکا کی توجہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور عالمی مانیٹری پالیسی کے امکانات پر مرکوز رہی۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے سے 4,346.65 ڈالر فی اونس رہی۔
امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت 0.3 فیصد کمی سے 4,385.70 ڈالر فی اونس رہی۔ تیل کی قیمتوں میں ایک فیصد کمی ہوئی جب کہ حالیہ بلند ترین سطح سے نیچے آنے کے بعد ڈالر کی قدر میں بھی محدود اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔
کمزور ڈالر دیگر کرنسیوں کے حامل افراد کے لیے ڈالر میں قیمت رکھنے والی اجناس کو نسبتاً سستا بنا دیتا ہے۔
پیپر اسٹون کے ریسرچ اسٹریٹجسٹ احمد عسیری نے کہا کہ سونے اور تیل کے درمیان تعلق کمزور پڑ سکتا ہے، اگر تیل کی قیمتوں میں نمایاں تصحیح ہوتی ہے جس سے مہنگائی اور شرح سود میں اضافے کی توقعات کم ہوجائیں یا تنازع میں انتہائی شدت کے باعث دنیا کسادِ بازاری کا مقابلہ کرنے کے لیے اقدامات پر مجبور ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شرح سود کے بجائے مالیاتی بے ضابطگی منظرنامے پر غالب آگئی تو بھی سونے اور تیل کے درمیان یہ تعلق کمزور ہوسکتا ہے۔
امریکی فیڈرل ریزرو نے بدھ کو شرح سود میں اضافہ کیا اور آنے والے مہینوں میں مزید اضافوں کا عندیہ دیا۔
فیڈ کے شرح سود میں اضافے کے باوجود گولڈمین سیکس نے 2027 کے اختتام تک سونے کی قیمت کا تخمینہ 5,400 ڈالر فی اونس پر برقرار رکھا، ان کا کہنا ہے کہ سخت مانیٹری پالیسی سے سونے کی تیزی کی رفتار سست پڑنے کا امکان ہے تاہم یہ تیزی ختم نہیں ہوگی۔
اگرچہ سونے کو روایتی طور پر مہنگائی کے خلاف تحفظ سمجھا جاتا ہے تاہم بلند شرح سود اس کی طلب کو محدود کرسکتی ہے کیونکہ اس سے منافع دینے والے اثاثے زیادہ پرکشش ہوجاتے ہیں۔
بینک آف انگلینڈ نے جمعرات کو شرح سود برقرار رکھی تاہم خبردار کیا کہ اسے شرح سود میں اضافہ کرنا پڑسکتا ہے۔
بینک آف جاپان جمعہ کو شرح سود بڑھا کر 31 سال کی بلند ترین سطح پر لے جانے اور مہنگائی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار کرنے والا ہے۔
احمد عسیری نے کہا کہ میرے خیال میں بلند شرح سود کا یہ ماحول قلیل مدت میں سونے کی قیمت میں اضافے کی گنجائش محدود کرتا ہے۔ تاہم اگر بانڈز کی شرح منافع میں اضافہ شرح سود کی توقعات کے بجائے مالی اعتماد میں کمی، جنگ سے متعلق اخراجات اور بجٹ خسارے میں اضافے کے باعث ہو تو اس کے ساتھ ڈالر کی قدر میں کمی بھی واقع ہوسکتی ہے جو ممکنہ طور پر سونے کے لیے اس تعلق کو معاون بنا دے گی۔
اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.7 فیصد اضافے سے 65.61 ڈالر فی اونس ہوگئی اور ہفتہ وار بنیاد پر اضافے کی جانب گامزن رہی۔
پلاٹینم کی قیمت ایک فیصد بڑھ کر 1,785.80 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ پیلاڈیم 0.2 فیصد اضافے سے 1,294.41 ڈالر فی اونس پر آگیا۔