✕
مارکٹس

ین کی قدر میں کمی، بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود بڑھانے کا امکان

  • ین ڈالر کے مقابلے میں 0.1 فیصد کم ہوکر 156.19 ین فی ڈالر پر آگیا
شائع اپ ڈیٹ

ایشیا میں جمعہ کو کاروبار کے آغاز پر ین کی قدر ڈالر اور یورو کے مقابلے میں کم ہوگئی، جبکہ سرمایہ کار بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود میں متوقع اضافے کے منتظر رہے۔

ین ڈالر کے مقابلے میں 0.1 فیصد کم ہوکر 156.19 ین فی ڈالر پر آگیا۔ جمعرات کو ین نے مسلسل تین روزہ گراوٹ کا سلسلہ توڑا تھا۔ یورو کے مقابلے میں بھی جاپانی کرنسی 0.2 فیصد کم ہوکر 179.30 ین فی یورو رہی۔

ایل ایس ای جی کے اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ میں بینک آف جاپان کی جانب سے شرح سود بڑھانے کے امکانات 83 فیصد دیکھے جارہے ہیں۔ سرمایہ کاروں کو توقع ہے کہ مرکزی بینک آئندہ بھی سہ ماہی بنیادوں پر شرح سود میں اضافہ کرسکتا ہے۔

پیپر اسٹون گروپ کے سربراہ تحقیق کرس ویسٹن نے کہا کہ شرح سود میں اضافے کے امکانات پہلے ہی بڑی حد تک مارکیٹ میں شامل ہوچکے ہیں، اس لیے اصل توجہ مرکزی بینک کی آئندہ پالیسی اور شرح سود میں مزید اضافے کی رفتار پر ہوگی۔

برطانوی پاؤنڈ 1.3359 ڈالر پر ڈھائی ماہ کی کم ترین سطح کے قریب مستحکم رہا۔ بینک آف انگلینڈ نے جمعرات کو شرح سود برقرار رکھی اور حکومتی بانڈز کی فروخت بھی چھ ماہ کے لیے غیر متوقع طور پر روک دی۔

یورو 1.1478 ڈالر پر جبکہ آسٹریلوی ڈالر 0.1 فیصد اضافے سے 0.7117 ڈالر پر رہا۔ امریکی ڈالر انڈیکس 100.21 پر مستحکم رہا۔

دریں اثنا، فیڈرل ریزرو کی آئندہ ماہ شرح سود میں اضافے کے امکانات بھی بڑھے ہیں۔ سی ایم ای گروپ کے مطابق 25 بیسس پوائنٹس اضافے کا امکان 53 فیصد ہوگیا ہے، جو ایک ہفتہ قبل 27.2 فیصد تھا۔

تیل کی قیمتیں تقریباً ایک فیصد کم ہوکر 103.76 ڈالر فی بیرل رہیں، جبکہ بٹ کوائن 0.1 فیصد کمی سے 76,442.97 ڈالر پر آگیا۔